Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے نجی شعبے کی ترقی کے لیے چار معاہدوں پر دستخط کردیے

معاہدوں کا مقصد سپلائی چین کی لوکلائزیشن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مملکت میں متعدد سٹریٹجک صنعتوں میں نجی شعبے کی ترقی کے لیے مقامی اداروں کے ساتھ چار معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مفاہمت کی یادداشتوں پر ریاض میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے پرائیویٹ سیکٹر فورم کے افتتاح کے موقع پر دستخط کیے گئے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈنے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ’ مفاہمت کی چار یادداشتوں پر دستخط کا مقصد مقامی نجی شعبے کی ترقی کے لیے اس کی صلاحیت کو بڑھانا اور سٹریٹجک شعبوں میں سپلائی چین کی لوکلائزیشن کی حوصلہ افزائی کرنا ہے‘۔
معاہدے کے ایک حصے کے طور پر مقامی مواد اور گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی نے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ میں شمولیت اختیار کی تاکہ متعلقہ پروگراموں اور حکمت عملیوں کے ذریعے مملکت کے مقامی مواد میں اضافہ کیا جا سکے۔
خود مختار فنڈ نے تعمیراتی شعبے کے مقامی مواد کو پروان چڑھانے کے علاوہ جدید تعمیراتی طریقوں اور ان سے متعلقہ معلومات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت بلدیات، دیہی امور اور ہاؤسنگ کے تحت بلڈنگ ٹیکنالوجی اقدام کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
تیسرے ایم او یو پر سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی کے ساتھ اتفاق کیا گیا کہ وہ مملکت کے مقامی کنٹریکٹنگ سیکٹر کو فروغ دے کر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ  رئیل سٹیٹ سکیموں کے مقاصد پر عمل کرے۔
فیڈریشن آف سعودی چیمبرز نے بھی فورم کے دوران خودمختار فنڈ کے ساتھ شراکت داری کی تاکہ نجی شعبے اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی موجودہ اور مستقبل کی کوششوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ یہ اقدامات پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی معاونت اور نجی شعبے کو 2030 تک مجموعی گھریلو پیداوار میں اس کی شراکت کو کم از کم 65 فیصد تک بڑھانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لیے کی کوششوں سے ہم آہنگ ہیں‘۔

شیئر: