شامی اور امریکی حکام کی واشنگٹن میں سفارت خانہ دوبارہ کھولنے پر بات چیت
جمعرات 26 فروری 2026 7:37
حکام نے شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے مضبوط مشترکہ عزم کا اعادہ کیا (فوٹو: ایکس لیوانت 24)
شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹام بیراک نے واشنگٹن میں شامی سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے لیے درکار اقدامات پر بات چیت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حکام نے کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے شام کی نگرانی میں ایک بین الاقوامی کمیٹی قائم کرنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی (سانا) کی رپورٹ کے مطابق دمشق میں ہونے والی ملاقات کے دوران انہوں نے دوطرفہ تعاون کے ایک نئے دور کو آگے بڑھانے کے مقصد سے کئی اہم اور سٹریٹجک امور پر گفتگو کی۔
حکام نے شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے اپنے مضبوط مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
اسعد الشیبانی اور شام کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹام بیراک نے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد شامی جمہوری فورسز کو ریاستی اداروں میں شامل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور گزشتہ ماہ شمال مشرقی شام میں سرکاری افواج کی تعیناتی پر بھی بات کی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے اس بات پر زور دیا کہ شام کو داعش کے خلاف لڑنے کی کوششوں میں حمایت دی جائے اور علاقائی سلامتی میں اس کے اہم شراکت دار کے کردار کو مضبوط بنایا جائے۔
امریکہ کے خصوصی ایلچی ٹام بیراک نے یہ بھی بتایا کہ بڑی امریکی کمپنیوں کی شام کے تیل اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی پائی جاتی ہے۔
