’مجھے منگل کو گرفتار کر لیا جائے گا‘، ڈونلڈ ٹرمپ نے احتجاج کی کال دے دی
غیرقانونی ادائیگیوں کے مقدمے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اپنی گرفتاری کا عندیہ دیتے ہوئے حامیوں کو احتجاج کرنے کا کہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نیویارک کاؤنٹی کے ضلعی اٹارنی کی جانب سے جاری تحقیقات کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ’ٹرتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’بغیر جرم ثابت کیے ریپبلکن امیدوار اور امریکہ کے سابق صدر کو آئندہ ہفتے منگل کو گرفتار کیا جائے گا۔‘
انہوں نے اپنے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے احتجاج کرنے کا کہا۔
نیویارک میں مین ہیٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلوین بریگ کے دفتر نے رواں سال کے آغاز میں ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرنے والی گرینڈ جیوری کو شواہد پیش کیے تھے۔
گرینڈ جیوری ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل مائیکل کوہن کی جانب سے مشہور میگزین ’پلے باؤ‘ کی ماڈل سٹارمی ڈینیئل کو انتخابی مہم 2016 میں ادا کی گئی ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم کی تحقیقات کر رہی ہے۔
سٹارمی ڈینیئل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رومانوی تعلق کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم سابق صدر اس کی تردید کر چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو گرینڈ جیوری کے سامنے گواہی دینے کو کہا تھا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’گرینڈ جیوری کے سامنے گواہی دینے کے حکم سے واضح ہے کہ جلد ہی فرد جرم عائد کر دی جائے گی۔‘
سال 2018 میں مائیکل کوہن نے دیگر جرائم سمیت انتخابی مہم کے مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا اقرار جرم کر لیا تھا۔
انہوں نے جیوری کو بتایا تھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر ادائیگیاں کی گئی تھیں۔‘
پیر اور بدھ کو مائیکل کوہن نے گرینڈ جیوری کے سامنے گواہی دی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل میڈیا پر واپسی کا اعلان
علاوہ ازیں سابق امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر واپسی کا اعلان کرتے ہوئے فیس بک اور یوٹیوب پر کی گئی پوسٹ میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے فیس بک اور یو ٹیوب اکاؤنٹ پر ایک پرانی ویڈیو پوسٹ کی جس کے ساتھ لکھا کہ ’میں واپس آگیا ہوں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ہیلری کلنٹن کو شکست کے بعد پارٹی کارکنان سے مخاطب ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا کو اپنے سیاسی پیغامات کی تشہیر کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کیا تھا جس کے بعد 6 جنوری 2021 کو کانگریس پر حملے کے نتیجے میں ان کے اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔