Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹوئٹر اب سمجھدار ہاتھوں میں ہے‘، ٹرمپ ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے پر خوش

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 44 ارب ڈالر کی بولی دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر خریدنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اب ٹوئٹر سمجھدار ہاتھوں میں ہے۔‘
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے پلیٹ فارم کے لیے 44 ارب ڈالر کی بولی لگائی تھی جو کئی ماہ کی غیریقینی صورت حال اور قیاس آرائیوں کے بعد جمعرات کو بالآخر سودے پر منتج ہوئی۔
 فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’اب ٹوئٹر کو بائیں بازو کے سخت گیر ذہنی مریضوں اور پاگلوں کے ذریعے نہیں چلایا جائے گا جو ہمارے ملک سے بہت نفرت کرتے ہیں۔‘
کارساز کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد پابندی ختم کر دیں گے جو کہ 2021 میں کیپٹل ہل پر حملہ کرانے کے الزام میں ان پر لگائی گئی تھی۔
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ ٹوئٹر پر واپس آئیں گے یا نہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد سماجی کارکنوں کو یہ خدشات لاحق ہو گئے ہیں کہ پلیٹ فارم پر ہراساں کیے جانے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ خود ایلون مسک بھی اسی پلیٹ فارم پر صارفین کو ٹرول کرتے رہے ہیں۔
انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صارفین اس سودے پر جشن مناتے ہوئے مختلف پوسٹس اور تبصرے کر رہے ہیں اس یقین کے ساتھ کہ اب اعتدال کے ضوابط میں نرمی کی جائے گی۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹوئٹر کو اب باٹس اور جعلی اکاؤنٹس سے جان چھڑانے کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی، جن کی وجہ سے اسے بہت نقصان پہنچا تھا۔ اس سے یہ چھوٹا ہو جائے گا مگر بہتر بھی ہو جائے گا۔‘

شیئر: