Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چشموں کی دکانوں میں 50 فیصد سعودائزیشن کے فیصلے کا نفاذ، مہلت ختم

وزارت افرادی قوت نے 18 مارچ 2023 تک اس شعبے میں مہلت دی تھی( فائل فوٹو عاجل)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ’ چشموں کی دکانوں میں سعودائزیشن کے لیے دی گئی مہلت ختم ہوگئی ہے۔  سنیچر18 مارچ 2023 تک وزارت کی جانب سے اس شعبے میں 50 فیصد سعودائزیشن کی مہلت دی گئی تھی‘۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں مختلف نجی شعبوں میں سعودائزیشن کے پروگرام پرتیزی سے عمل جاری ہے۔ وزارت نے چشموں کی دکانوں میں 50 فیصد سعودی شہریوں کومتعین کرنے کے احکامات دیے تھے۔ 
سعودائزیشن کےفیصلے پرعمل درآمد مختلف مراحل میں کیا جانا تھا۔ اس حوالے سے وزارت نے ایسی دکانیں جہاں کارکنوں کی تعداد 4 سے زائد ہے وہاں 50 فیصد سعودی کارکنوں کوتعینات کرنے کے قانون کی منظوری دی تھی ۔

چشموں کے شعبے میں سعودائزیشن کےلیے رہنما گائیڈ جاری کی جاچکی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)

چشموں کے شعبے میں سعودائزیشن مہم کو کامیاب بنانے کےلیے وزارت افرادی قوت کی جانب سے متعدد مراعات کا بھی اعلان کیا تھا جن میں شعبے سے متعلق تربیت یافتہ سعودی کارکنوں کی فراہمی کے علاوہ انہیں درکارضروری فنی تربیت فراہم کرنا شامل تھا۔ 
وزارت افرادی قوت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’مملکت کی مارکیٹ میں سعودائزیشن کے قانون پرتیزی سے عمل جاری ہے۔ اہداف کوحاصل کرنے کےلیے ہرشعبے میں ماہرین کام کررہے ہیں‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ’ ہمارا مقصد زیادہ سےزیادہ مقامی شہریوں کو روزگار کے بہتر سے بہتر مواقع میسرکرنا اوران کے لیے راہیں ہموارکرنا ہے تاکہ بے روزگاری کے خاتمے کا مقررہ ہدف حاصل کیاجاسکے‘۔ 
’چشموں کے شعبے کےلیے رہنما گائیڈ جاری کی جاچکی ہے تاکہ اس میں درج قوانین کے مطابق کام کرتے ہوئے خلاف ورزیوں سے بچا جاسکے‘۔ 

شیئر: