Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفیل کا انتقال ہوگیا، خروج وعودہ یا کفالت کیسے تبدیل کرائیں؟

کفیل کے ورثا کی جانب سے وکالت نامہ یعنی پاورآف اٹارنی بنائی جائے گی( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں امیگریشن قوانین واضح ہیں۔ غیر ملکیوں کے رہائشی کارڈ ’اقامہ‘ اور ایگزٹ ری انٹری ’خروج وعودہ‘ یا فائنل ایگزٹ جسے عربی میں ’خروج نہائی‘ کہا جاتا ہے کا ذمہ دار ادارہ جوازات ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے غیرملکی ملازمین کے اقامہ قوانین میں کئی  تبدیلیاں کی گئی ہیں جن سے آگاہی غیر ملکیوں کے لیے ضروری  ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا’کفیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس صورت میں خروج وعودہ یا کفالت کی تبدیلی کس طرح کرائی جاسکتی ہے، پیشہ عامل منزلی ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’کفیل کا انتقال ہونے کی صورت میں اس کے ورثا کی جانب سے کسی ایک فرد کے نام پر وکالت نامہ یعنی پاورآف اٹارنی بنائی جائے‘۔ 
وکالت نامے کو کتابہ العدل (نوٹری آفس) سے تصدیق کرانے کے بعد جوازات کے دفترمیں وکالت نامہ جمع کرانے کے بعد کارکن کے اقامے کے حوالے سے معاملات کونمٹایاجاسکتا ہے۔ 
واضح رہے محکمہ امیگریشن کے قوانین کے مطابق سعودی عرب میں غیرملکی کارکنوں کے اسپانسرکو ہی اختیار ہوتا ہے کہ وہ اپنی زیرکفالت مملکت آنے والے غیرملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ (اقامہ) کا اجرا ، تجدید ، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ کی کارروائی کےلیے ادارہ جوازات سے رجوع کرے۔ 
قانون کے مطابق اسپانسرکو یہ بھی اختیار ہوتا ہے کہ اگروہ بذات خود اداروں سے رجوع نہیں کرنا چاہتا تو اس صورت میں وہ کسی ایسے شخص کو اپنا نمائندہ مقرر کردیتا ہے جو اس کی اجازت سے تمام معاملات انجام دینے کےلیے سرکاری اداروں سے رابطہ کرے۔ 
ادارہ جوازات کے قانون کے مطابق سعودی شہری جس کی زیرکفالت غیرملکی کارکنان ہوتے ہیں کی وکالت کےلیے نامزد کیے جانے والا سعودی شہری ہونا چاہئے۔ 

غیرملکی کسی طور بھی سعودی شہری کی وکالت کا اہل نہیں ہوتا۔(فوٹو: سبق)

غیرملکی کسی طور بھی سعودی شہری کی وکالت کا اہل نہیں ہوتا۔ کمپنیوں یا اداروں میں اس حوالے سے باقاعدہ شعبہ قائم ہوتا ہے جسے ادارہ موارد البشریہ یعنی ہیوم ریسورسز کہا جاتا ہے۔  
اس شعبے کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ کمپنی کے تمام غیرملکی ملازمین کے سرکاری معاملات کومکمل کیا جائے۔ کمپنیوں میں قائم ہیومن ریسورسز کے شعبے کے ذریعے کارکنوں کے خروج وعودہ، کفالت کی تبدیلی یا اقامہ کا اجرا یا تجدید وغیرہ کے امورانجام دیئے جاتےہیں۔ 
وہ غیرملکی جو انفرادی ویزے پرمقیم ہوتے ہیں جن میں گھریلو کارکن وغیرہ شامل ہیں کے اقامے کا اجرا خروج وعودہ، کفالت کی تبدیلی وغیرہ کے لیے کارکن کے کفیل یا اسکی جانب سے مقررکردہ نمائندہ ہی جوازات سے رجوع کرنے کا اہل ہوتا ہے۔ 
انفرادی کفیل کے ویزے پرمقیم غیرملکی کارکن کے کفیل کا انتقال ہونے کی صورت میں قانونی طورپرمتوفی شخص کے تمام ورثا کی جانب سے کسی ایک کووکالت نامہ جاری کیاجاتا ہے جوقانونی معاملات کی انجام دہی کا اہل ہوتا ہے۔

شیئر: