Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

150 مالی جرائم کر کے لاکھوں ریال لوٹنے والے دو افراد گرفتار

’مذکورہ شہری نے بیرون ملک واقع ٹیکنالوجی مراکز سے آلات کو چلانے کی تربیت حاصل کی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ مالی جرائم ، فرضی کمپنی کے قیام اور غیر قانونی کالز کے علاوہ گمنام سموں کے استعمال پر سعودی شہری اور مقیم غیرملکی کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ افراد پر 150 مختلف جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ’تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی شہری نے فرضی کمپنی قائم کر رکھی تھی جبکہ اپنے گھر کوکالز ملانے کا ٹھکانہ بنا رکھا تھا‘۔
’گھر کی تلاشی لینے پر وہاں سے 33 گمنام سمیں، متعدد موڈیم، متعدد افراد کے نام اور کوائف جن کو بیوقوف بنا کر لوٹا گیا اور متعدد آلات جنہیں جرائم میں استعمال کیا جاتا تھا‘۔
’مذکورہ شہری نے بیرون ملک واقع ٹیکنالوجی مراکز سے ان آلات کو چلانے کی تربیت حاصل کی جنہیں استعمال کرتے ہوئے اس نے خود کو سرکاری یا بینک اہلکار ظاہر کرکے سادہ لوح افراد کے کوائف حاصل کئے ہیں‘۔
’تفتیش پر معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص نے ملک بھر میں 150 جرائم کرکے 11 ملین ریال لوٹے ہیں‘۔
’ان جرائم میں غیرملکی نے اس کا بھر پور ساتھ دیا اور تعاون کیا ہے جس کی بنا پر دونوں کو گرفتار کیا گیا ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی کسی بھی حال میں اپنے کوائف نہ دیں‘۔
’بینک معلومات اور سرکاری کوائف کو عام نہ کریں اور سوشل میڈیا پر بھی شیئر نہ کریں‘۔
 

شیئر: