Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز، محمد نبی کی افغان ٹیم میں واپسی

آسٹریلیا نے افغانستان میں خواتین پر تعلیمی پابندی کے خلاف سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے خلاف رواں ماہ شارجہ میں شیڈول ٹی20 سیریز کے لیے افغانستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق افغان ٹیم کے سابق کپتان محمد نبی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور ان کے ساتھ ساتھ صدیق اللہ اتل کو بھی پہلی مرتبہ قومی ٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ یو اے ای کے خلاف ہونے والی ٹی20 سیریز کے لیے افغان سکواڈ میں شامل دو کھلاڑیوں رحمت شاہ اور حضرت اللہ ززئی کو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ نجات مقصود اور ظاہر خان کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد نبی قومی ٹیم کے لیے آخری مرتبہ نومبر میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ کھیلے تھے جبکہ آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے کپتانی سے استعفی دے دیا تھا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سی ای او نصیب خان کہتے ہیں کہ ’ہماری ٹیم ٹریننگ کیمپ میں بھرپور تیاری کر رہی ہے اور سلیکٹرز نے بہترین کھلاڑیوں کو سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
پاکستان کے خلاف شیڈول یہ ٹی20 سیریز افغانستان کی آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ سال منسوخ ہونے والی ون ڈے سیریز کی متبادل کے طور پر کھیلی جا رہی ہے۔
خیال رہے آسٹریلیا نے افغانستان میں خواتین پر تعلیمی پابندی کے خلاف یہ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے یہ فیصلہ آسٹریلوی حکومت سے مشاورت کے بعد کیا تھا۔
دوسری جانب اس سیریز کے لیے پاکستان نے بابر اعظم، محمد رضوان، حارث رؤف، فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا ہے جس کے بعد ٹیم کی کپتانی آل راؤنڈر شاداب خان کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تین میچز 24، 26 اور 27 مارچ کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

افغانستان کا سکواڈ:

راشد خان (کپتان)، رحمان اللہ گُرباز (وکٹ کیپر)، ابراہیم زدران، عثمان غنی، صدیق اللہ اتل، نجیب اللہ زدران، افسر ززئی، کریم جنت، محمد نبی، عظمت اللہ عمر زئی، گلبدین نائب، شرف الدین اشرف، نور احمد، مجیب الرحمان، فرید احمد، فضل حق فاروقی، نوین الحق۔

 ریزرو:

ننگیال خاروٹی، ظاہر خان، نجات مقصود۔

شیئر: