Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا ہنرمند کارکنوں کو سعودی عرب بھیجے گا، معاہدے پر دستخط

سعودی عرب میں سری لنکا کے ایک لاکھ 50 ہزار تارکین وطن ملازم ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب اور سری لنکا نے کارکنوں کی ملازمت سے متعلق ایک نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس سے سری لنکا کے پیشہ ور افراد کے لیے مملکت میں ملازمت کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق ہنر کی تصدیق کے پروگرام کا مقصد سعودی لیبر مارکیٹ میں ملازمین کی پیشہ ورانہ قابلیت کو بہتر بنانا اور سری لنکا سے ہنر مند کارکنوں کی بھرتی کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
معاہدے پر سری لنکا کے ٹرٹیاری اور پیشہ ورانہ تعلیم کے کمیشن اور سعودی عرب کے تاکامول نے دستخط کیے جس میں الیکٹریشن اور آٹو مکینکس سمیت 23 پیشوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ٹی وی ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر للیتادھیرا نے کولمبو میں دستخطی تقریب میں  کہا کہ ’ یہ سری لنکا کے لیے اچھی خبر ہے۔ متعلقہ سعودی حکام ان کی مہارتوں کی باضابطہ شناخت کر سکتے ہیں تاکہ انہیں مناسب ملازمتیں فراہم کی جاسکیں‘۔
توقع ہے کہ اس معاہدے سے سری لنکا کی مملکت کو افرادی قوت کی برآمدات کو فروغ ملے گا۔
کولمبو میں سعودی سفیر خالد حمود ناصر الدسم نے تقریب کے موقع پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’مملکت کے وژن 2030 کے تحت سعودی عرب کو مختلف قسم کے ہنر مند کارکنوں کی ضرورت ہے جو مختلف منصوبوں میں فٹ ہوں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ سعودی عرب اور سری لنکا کے دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہو گی‘۔
خیال رہے کہ سری لنکا اپنے پیشہ ور افراد کے لیے غیر ملکی روزگار کے مواقع تلاش کر رہا ہے کیونکہ اسے 1948 میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سے بدترین مالی بحران کا سامنا ہے اور اسے غیرملکی کرنسی کی اشد ضرورت ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پیر کو کولمبو کے لیے 3 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ قرض کی منظوری دی ہے تاہم اسے بدترین مالیاتی بحران سے نکلنے میں وقت لگے گا۔
سری لنکا کے متعدد  پیشہ ور افراد اس وقت سعودی عرب میں اپنے پیشہ ورانہ سرٹیفیکیشن کی شناخت کے بغیر کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اکثر ان کی مہارت سے کم ملازمت دی جاتی ہے۔  تاہم مہارت کی تصدیق کے معاہدے کے تحت یہ تبدیل ہو جائے گا کیونکہ سعودی آجر سری لنکا کے جاری کردہ ٹی وی ای سی سرٹیفکیٹ کو تسلیم کریں گے۔
سعودی عرب میں سری لنکا کے سفیر پاکیر محی الدین امزہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’اس سے انہیں مناسب پہچان، تنخواہ اور عہدہ ملے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک طویل عرصے سے محسوس کی جانے والی ضرورت ہے اور یہ سری لنکا کے مقاصد کے متوازی جا رہا ہے کہ وہ مقداری ملازمت سے معیاری روزگار کی طرف منتقل ہو جائے یہ واقعی ہماری غیرملکی ترسیلات کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔‘
سعودی عرب میں تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار سری لنکا کے تارکین وطن ملازم ہیں جن میں سے تقریباً 70 فیصد غیر ہنرمند ہیں۔
لائسنس یافتہ غیرملکی روزگار ایجنسیوں کی ایسوسی ایشن کے مطابق سعودی عرب سری لنکا کے لیے سب سے زیادہ امکانات کے ساتھ ملازمت کی منڈی ہے جس نے تازہ ترین پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔

شیئر: