Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش اور برف باری، آج سے شروع ہونے والا نیا سلسلہ کن علاقوں تک پھیلے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بعض علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے نے آج بدھ سے شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑی مقامات پر برفباری کا الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق آج 21 جنوری سے 24 جنوری تک شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری ہونے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہونے کے بھی خدشات ہیں۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی سیلابی صورت حال کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
ادارے کی جانب سے نوشہرہ اور تربیلا کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اسی طرح پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری، گلیات اور قرب و جوار میں شدید بارش و برفباری کی پیشگوئی ہے، جس کا سلسلہ 23 جنوری تک جا سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے مری میں سیاحوں کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹر بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر سے پہلے موسم کی صورت حال کا جائزہ لیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے شمالی حصوں پرایک کمزور مغربی ہواؤں کی لہر موجود ہے جبکہ نئی لہر آج داخل ہونے کی توقع ہے جس سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب اور مغربی بلوچستان میں بارش ہو سکتی ہے۔
 رپورٹ کے مطابق بدھ کو خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، شمال مغربی بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ  پوٹھوہار میں مطلع ابرآلود رہنے اور ہلکی بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دوسرے شہروں میں آج سے بارش کا سلسلہ ہونے کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح پنجاب کے میدانی اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی۔
کل یعنی جمعرات کو اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی و وسطی پنجاب کے شہروں میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمالی بلوچستان، مری اور گلیات میں زیادہ تر مقامات پر تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے میدانی اور بالائی سندھ کے علاقوں میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح 23 جنوری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس روز خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں اکثر مقامات پر بارش متوقع ہے اور تیز ہوائیں چلیں گی جبکہ خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے چند مقامات پر بھی بارش ہو سکتی ہے۔

بارش کے بعد دریائے کابل کی سطح بلند ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس روز بھی رات اور صبح کے وقت پنجاب کے میدانی اور سندھ کے بالائی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔
24 جنوری کو ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بارش اور تیز ہوائیں چلنے جبکہ بالائی مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔

 

شیئر: