جازان: جیدانہ بیچ پر خاندانوں کے لیے جدید ریزوٹ اور آبی سرگرمیاں
جیدانہ بیچ جسے رائل کمیشن برائے جبیل اور ینبع نے جازان سٹی فار پرائمری اینڈ ڈاؤن سٹریم انڈسٹریز میں شروع کیا ہے، جازان ریجن کی جدید ترین سمندری اور تفریحی مقامات میں سے ایک ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس بیچ کا افتتاح ساحلی علاقے کو سیاحت، تفریح اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مربوط مرکز میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ بیچ جیدانہ واٹر فرنٹ منصوبے کا ایک بنیادی جزو ہے جس کا مقصد معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور سیاحتی خدمات کو اپ گریڈ کرنا ہے۔
اس کے علاوہ یہ منصوبہ بحیرۂ احمر کے ساحل کے ساتھ موجود علاقے کے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملکی سیاحت کو فروغ دینے اور خطے کے اندر اور باہر سے آنے والے سیاحوں کو متوجہ کرتا ہے۔
بیچ پر سیاحوں کے لیے موسمِ سرما کی متعدد تقریبات اور سرگرمیاں ہیں جو خاندان کے لیے موزوں ہوتے ہیں۔ یہ ایک جدید اور محفوظ ماحول فراہم کرتا ہے جہاں تفریح، آرام اور مہم جوئی کا حسین امتزاج موجود ہے اور یوں مختلف دلچسپیوں کے حامل افراد کے لیے ایک جامع ساحلی تجربہ مہیا کرتا ہے۔
جیدانہ بیچ سیاحوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سہولیات اور خدمات بھی فراہم کرتا ہے جس کے ساتھ ساتھ سمندری سرگرمیوں کی متنوع اقسام بھی دستیاب ہیں۔
یہ ساحل ایک سیاحتی ریزوٹ پر بھی مشتمل ہے جو واٹر فرنٹ کے ساتھ تقریباً 1.7 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ ریزوٹ 123,000 مربع میٹر سے زائد رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں براہِ راست سمندر کے نظارے والے 55 ساحلی کاٹیجز شامل ہیں جو اعلیٰ ترین معیار کے مطابق ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مہمانوں کے لیے ایک ریستوران اور الیکٹرک گالف کارٹس کے ذریعے اندرونی سفری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
جیدانہ بیچ کی تقریبات میں 10 دنوں کے دوران آنے والے سیاحوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے تجاوز کر گئی جن میں خطے کے اندر اور باہر سے آنے والے سیاح شامل تھے۔