Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

30 اپریل کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی، اب 8 اکتوبر کو ہوں گے

الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن میں دہشت گردی اور نفری کی کمی کو الیکشن ملتوی کرنے کا جواز بنایا (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں اور آٹھ اکتوبر کو الیکشن کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
بدھ کو الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے ایک باضابطہ حکم جاری کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، وزارت خزانہ، وزارت دفاع، وزارت داخلہ اور چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹس کی روشنی میں کمیشن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ الیکشن کا شفاف، منصفانہ، دیانتداری سے، پرامن اور قانون اور آئین کے مطابق انعقاد ممکن نہیں۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس لیے آئین کے آرٹیکل 218 (3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور سیکشن 8 (  (c میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 8 مارچ 2023 کو جاری کیے گئے الیکشن شیڈول کو واپس لے لیا ہے اور نیا شیڈول جاری کیا جائے گا جس کے تحت الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹی فکیشن میں دہشت گردی اور نفری کی کمی کو الیکشن ملتوی کرنے کا جواز بنایا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق وزارت داخلہ نے انہیں مطلع کیا کہ سول اور فوجی فورسز کا انتخابی حلقوں میں پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کرنا ممکن نہیں۔
الیکشن کمیشن کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے یہ پوزیشن اس لیے لی ہے کیونکہ ملک میں ’دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات‘ کی وجہ سے فورسز سرحدوں، اندرونی سکیورٹی ڈیوٹیز، حساس تنصیاب اور غیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔
وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو یہ بھی بتایا کہ سکیورٹی اہلکار اس وقت مردم شماری کی ڈیوٹیز پر بھی مامور ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرڈر میں وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ان کے نزدیک پنجاب میں صوبائی اسمبلیوں کے لیے عام انتخابات اعلان کردہ تاریخ پر ممکن نہیں۔‘

سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل مقرر کی گئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

الیکشن کمیشن نے اپنے آرڈر میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’وزارت خزانہ نے غیر معمولی معاشی اور اقتصادی بحران کے سبب فنڈ جاری کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔‘
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل مقرر کی گئی تھی اور الیکشن شیڈول بھی جاری کر دیا گیا تھا۔

الیکشن کے التوا پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

الیکشن کمیشن کی جانب پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے التوا پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری ‏اسد عمر نے کہا کہ ’ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کا مستقل موقف رہا کہ آئین میں ان کا اختیار ہی نہیں کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں۔‘
’آج یہ کون سی شق ہے آئین کی جس کی بنیاد پر الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان کیا ہے؟‘
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ججز اور وکلا، اب یہ کسی اور کے مقابلے میں آپ کی تحریک ہے، اگر آپ ناکام ہو گئے تو ریاست عوام کو سپریم کورٹ اور آئین کے پیچھے کھڑے ہونے کی کال دے گی۔‘

شیئر: