Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کے حملے میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق ’سینیئر افسر نے ملک کے امن کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی جان سے گئے، جبکہ سات سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کے نتیجے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی جان سے گئے۔
مقابلے میں سات سکیورٹی اہلکار زخمی ہونے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی اور ان کی ٹیم نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سینیئر افسر نے ملک کے امن کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’پاکستان کی دفاعی فورسز اور انٹیلیجنس ایجنسیاں ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کا بھرپور عزم لیے ہوئے ہیں۔‘
ڈی آئی خان میں فائرنگ کا تبادلہ
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے تین اہلکار جان سے گئے، جبکہ تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20 اور 21 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کھُوٹی میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے، تاہم پاکستانی فوج کے تین جوان بھی جان کی بازی ہار گئے جن کے نام حوالدار اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں آئی ایس آئی کے بریگیڈئیر مصطفیٰ کمال برکی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ملک و قوم کی حفاظت کے لیے جان کی قربانی پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘

شیئر: