Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزا جاری کرانے کے لیے اقامے کی کم از کم مدت کتنی ؟

ملٹی انٹری ویزا ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے جاری ہوتا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی عرب میں وزٹ ویزے کے ضوابط پرعمل کرنا ضروری ہے۔ قانون کے مطابق وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنا ہوتا ہے۔
مملکت میں فیملی وزٹ ویزے دو طرح کے جاری کیے جاتے ہیں۔ ایک ویزا سنگل انٹری ہوتا جس کی انتہائی مدت 180 دن ہوتی ہے۔ دوسری قسم کے ویزے جسے ملٹی پل انٹری ویزا کہا جاتا ہے اس کی مدت ایک برس ہوتی ہے اس ویزے پرآنے والے 180 دن ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنے کے بعد دوبارہ اسی ویزے پرمملکت آکر مزید 6 چھ ماہ قیام کرسکتے ہیں۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ ملٹی انٹری خروج عودہ ویزے کی فیس کتنی ہے اورکتنی مدت کےلیے کارآمد ہوتا ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ ملٹی انٹری خروج وعودہ ابتدائی طورپر تین ماہ کے لیے جاری ہوتا ہے اس دوران متعدد باراسے استعمال کیاجاسکتا ہے‘۔ 
تین ماہ کےلیے جاری ہونے والے خروج وعودہ کی ابتدائی فیس 500 ریال ہوتی ہے بعدازاں ہر اضافی ماہ کےلیے 200 ریال کے حساب سے فیس جمع کرائی جاتی ہے۔ 
خیال رہے ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزہ اقامہ کی انتہائی مدت تک کےلیے جاری کرایا جاسکتا  ہے تاہم اسے جاری کرانے وقت ہی مدت کا تعین کیاجانا چاہئے۔ 
ملٹی ایگزٹ ری انٹری ویزا جاری کراتے وقت مدت کا تعین کرنے کے بعد مطلوبہ مدت کی فیس جمع کرانا ضروری ہے۔
اگر اضافی 5 ماہ کے لیے ویزا جاری کرانا مقصود ہوتو مجموعی طورپر 8 ماہ ہوجاتے  ہیں جن میں سے ابتدائی تین ماہ کی فیس 500 ریال بعدازاں اضافی 5 ماہ کے لیے 200 ریال ماہانہ کی بنیاد پر1000 ریال اس طرح آٹھ ماہ کے لیے 1500 ریال فیس جمع کرانا ہوگی۔
 سنگل ری انٹری ویزے کی ابتدائی فیس 200 ریال ہے جو کہ دوماہ کےلیے جاری کیاجاتا ہے۔ سنگل خروج وعودہ ویزے کےلیے اضافی مدت کے ہرایک ماہ کےلیے اضافی 100 ریال ادا کرنا ہوتاہے۔
اس کےلیے بھی ضروری ہے کہ ویزا جاری کرانے سےقبل مدت کا تعین کیاجائے بعدازاں مطلوبہ مدت کے مطابق فیس جمع کرائی جائے مثال کے طورپر اگر6 ماہ کےلیے خروج وعوہ درکار ہواس صورت میں مجموعی طورپر600 ریال فیس جمع کرانا ہوگی۔ 

وزٹ ویزے کے اجرا کےلیے لازمی ہے درخواست دہندہ کا اقامہ کارآمد ہو(فوٹو: ٹوئٹر جوازات)

سنگل ری انٹری ویزا اگر6 ماہ کے لیے جاری کرایا گیا ہو اور دوماہ بعد ہی واپس آجائیں اس صورت میں جمع کرائی گئی اضافی 4 ماہ کی فیس ناقابل واپسی ہوتی اور ویزہ بھی کارآمد نہیں رہتا۔ 
ایک شخص نے دریافت کیا ’چھ ماہ کے لیے خروج وعودہ لگایا تھا مگردو ماہ بعد ہی واپس آنا پڑگیا اس صورت میں باقی فیس واپس ہوسکتی ہے یا اسے دوسرے ویزے کےلیے بیلنس کے طورپراستعمال کیاجاسکتا ہے؟‘۔
اس حوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ’ ایسا کرنا قطعی طور پر ممکن نہیں ہوتا یہ سہولت صرف ملٹی ری انٹری ویزے میں دی جاتی ہے‘۔  
 وزٹ ویزے کے حوالےسے ایک شخص نے دریافت کیا ’ اہلیہ کےلیے وزٹ ویزا جاری کرانے کے لیے اقامہ کارآمد ہونا ضروری ہے، اقامہ کی ایکسپائری کم از کم کتنی ہونا چاہئے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا ’وزٹ ویزے کا اجرا وزارت خارجہ کا کام ہے تاہم وزٹ ویزے پرمملکت آنے والے کے ویزے کی توسیع جوازات کے ذریعے کرائی جاتی ہے جس کی ماہانہ فیس 100 ریال ہوتی ہے جسے جمع کرانے کے بعد وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے‘۔ 
خیال رہے وزٹ ویزے کے اجرا کےلیے لازمی ہے کہ درخواست دہندہ کا اقامہ کارآمد ہو۔ جس وقت وزٹ ویزے کے لیے ابشراکاونٹ سے درخواست جمع کرائی جارہی ہو اس وقت اقامہ کی مدت میں کم ازکم تین ماہ باقی ہونا چاہیے تاکہ ابشرسسٹم کی درکارکارروائی مکمل کی جاسکے۔      

شیئر: