عمرہ پرمٹ کینسل کرکے دوسری بکنگ کیسے حاصل کریں؟
وزارت کا کہنا ہے کہ پرمٹ کینسل کرانے کا مرحلہ انتہائی آسان ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد ارادہ ملتوی ہونے کی صورت میں پرمٹ کوکینسل کردیا جائے تاکہ دوسری بکنگ حاصل کی جاسکے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے ٹوئٹرپرعمرہ پرمٹ کوکینسل کرانے کے طریقے کے حوالے سےایک استفسار پر وزارت کا کہنا تھا کہ پرمٹ کینسل کرانے کا مرحلہ انتہائی آسان ہے۔
وزارت کی ایپ ’نسک‘ یا ’توکلنا‘پرحاصل کیے جانے والے پرمٹ کا انتخاب کریں بعدازاں اسے کینسل کرانےکی صورت میں وہاں موجود کینسل کے آپشن کو کلک کردیں جس سے پرمٹ کینسل ہوجائے گا جس کے بعد آپ دوبارہ کسی دوسری تاریخ کےلیے پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے اس سال وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مملکت کے شہریوں اوریہاں مقیم غیرملکیوں کےلیے رمضان میں ایک مرتبہ عمرہ پرمٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے پرمٹ کا اجرا عمرہ ویزے سے مشروط ہوتا ہے۔