Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر برائے مذہبی امور کی ٹریفک حادثے میں موت، سعودی سفیر کا اظہارِ تعزیت

مفتی عبدالشکور سنیچر کو ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی سفیر نواب بن سعید المالکی نے ٹویٹ بیان میں کہا کہ ’خادم حرمین شریفین کے سفیر کی حیثیت سے میں اپنی اور سعودی سفارت خانے کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان سے وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور کے انتقال پر دل کی گہرائیوں سے پاکستان کے عوام اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔‘
خیال رہے سنیچر کومفتی عبدالشکور کی گاڑی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت حادثے کا شکار ہو گئی تھی جب وہ ایک دوست کی طرف افطاری کے بعد وہ بغیر پروٹوکول کے خود گاڑی ڈرائیو کر کے سیکریٹریٹ کی طرف جا رہے تھے۔
حادثے کے بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکرٹریٹ چوک کی طرف جاتے ہوئے ایک ہائی لکس ریوو نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری، مفتی عبدالشکور کو پولی کلینک منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے حادثے کی تحقیقات کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میرے دوست، ساتھی اور کابینہ کے اہم رکن مفتی عبدالشکور صاحب کی اچانک موت کا سن کا شدید دکھ اور تکلیف ہوئی۔ وہ ایک باعمل عالم، نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔ اللہ تعالٰی مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔‘
مولانا عبدالشکور کا تعلق جمیت علمائے اسلام (ف) سے تھا اور وہ این اے-51 سے قومی اسمبلی کے رکن تھے۔ جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی گئی۔

شیئر: