سعودی قیادت کی طرف سے مسلم قائدین کے نام عید پیغامات، نیک خواہشات کا اظہار
مسلم رہنماؤں نے سعودی قیادت کو عید کی تہنیت پیش کی۔ (فوٹو اخبار 24)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مسلم ممالک کے رہنماؤں کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کر دی۔ مسلم رہنماؤں نے بھی سعودی قیادت کو عید کی تہنیت پیش کی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین اور ولی عہد ہر سال عید الفطر کے موقع پر مسلم ممالک کے قائدین سے رابطے کرکے انہیں تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس سال بھی انہوں نے تہنیتی پیغامات میں اللہ تعالی سے دعا کی کہ ’تمام رہنماؤں کے سارے اچھے کام اللہ تعالی قبول فرمائے اور عید الفطر کی خوشیاں امت مسلمہ کو بار بار عطا کے۔ امت کو سربلندی اور عزت سے نوازے۔ مزید ترقی و خوشحالی امت کا نصیب بنے‘۔
شاہ سلمان اور ولی عہد کو مسلم ممالک کے قائدین کی جانب سے عید سعید پر مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے۔ انہوں نے برادر ملک سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کی آرزو کے ساتھ سعودی قیادت کی صحت و سلامتی کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
خادم حرمین شریفین اور ولی عہد نے جوابی پیغامات میں مسلم قائدین کا نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ ’اللہ تعالی امت مسلمہ کو خیر برکت سے نوازے اور پائیدار امن و استحکام امت کا نصیب بنائے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں