تبوک ریجن پھولوں کے فارم کے لیے مشہور ہے۔ (فوٹو عاجل)
دنیا بھر میں پھول کا تحفہ محبت کی علامت مانا جاتا ہے۔ عید الفطر کے موقع پر سعودی عرب میں گلدستوں کے تحائف کا رواج نقطہ عروج کو پہنچا ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عید کے ایام میں عموما مملکت کے تمام علاقوں اور خصوصا تبوک میں فلاور شاپس کی چاندی ہوگئی ہے۔ پرکشش شکل و صورت اور مختلف سائز کے ’بوکے‘ شائقین میں مقبول ہورہے ہیں۔ فلاور شاپس کے مالکان اس حوالے سے فنکاری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
اس مرتبہ نئی تبدیلی یہ دیکھنے میں آرہی ہے کہ نہ صرف یہ کہ روایتی فلاور شاپس سے بوکے فروخت ہورہے ہیں بلکہ تجارتی مراکز اور مشہور بازاروں میں بھی فلاور سٹالز کھل گئے ہیں۔
مقامی خاتون ندی الشریف نے جو ایک فلاور شاپ کی مالکن ہیں بتایا کہ ’بیشتر اقوام محبت کا اظہار پھولوں کے تحفے سے کرتی ہیں۔ میں اپنے یہاں نہ صرف یہ کہ خوبصورت بوکے تیار کرکے فروخت کررہی ہوں بلکہ سونے کے سیٹس اور خوشبویات نیز مٹھائیوں کے پیکٹ کے ساتھ بھی پرکشش پھولوں کا اضافہ کرکے نیا پن لانے کی کوشش کی ہے جسے صارفین کی طرف سے پذیرائی مل رہی ہے‘۔
ندی نے بتایا کہ ’تبوک ریجن پھولوں کے فارم کے حوالے سے مشہور ہے۔ میں نے عوام میں پھولوں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فلاور شاپ قائم کی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ مجھے انواع و اقسام کے پھول آسانی سے مل جاتے ہیں۔ تبوک میں سالانہ 30 ملین سے زیادہ گلاب پیدا ہورہے ہیں۔ گلاب فارم میں ہر سال توسیع بھی ہورہی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں