Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن سوڈان سے 150 غیرملکیوں کے انخلا پر سعودی عرب کے شُکرگزار

امریکی صدر جو بائیڈن نے سوڈان سے امریکیوں کے باحفاظت انخلا پر مملکت سعودی عرب، جبوتی اور ایتھوپیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔
’میں سعودی عرب، جبوتی اور ایتھوپیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں ںے ہمارے مشکل آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔‘
سنیچر کے روز ایک بیان میں صدر جو بائیڈن نے سوڈان میں جنگ بندی، بلارکاوٹ انسانی ہمدردی کے تحت رسائی اور سواڈانی عوام کی رائے کے احترام کا مطالبہ کیا۔
سوڈان میں فوج اور پیراملٹری کے درمیان جاری شدید لڑائی دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے اور اس دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد کو سنیچر کے روز جنگ زدہ علاقے سے باحفاظت نکال لیا گیا۔ 
سعودی عرب کے سرکاری الاخباریہ ٹی وی کے مطابق ’سوڈان سے انخلا کا پہلا بحری جہاز پہنچ گیا ہے، جس میں سعودی عرب کے 50 شہریوں کے علاوہ دوست ممالک کے کئی شہری بھی سوار تھے۔‘
’پہلا بحری جہاز جدہ کی بحیرہ احمر کی بندرگاہ پر پہنچا جبکہ توقع ہے کہ چار دیگر بحری جہاز سوڈان سے 11 ممالک کے 108 شہریوں کو لے کر یہاں پہنچیں گے۔‘
الاخباریہ نے جدہ کی بندرگاہ پر پہنچنے والے بڑے بحری جہازوں کی فوٹیج دکھائی ہے۔ چینل کی ایک ویڈیو میں بحری جہاز پر سوار خواتین اور بچوں کو سعودی پرچم اٹھائے دکھایا گیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’مملکت نے غیر ملکی شہریوں کی ان کے متعلقہ ممالک روانہ کرنے کی تیاری کے لیے تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔‘

سوڈان سے آنے والی خواتین اور بچوں نے بحری جہاز پر ہاتھوں میں سعودی پرچم اٹھا رکھے تھے (فائل فوٹو: ایس پی اے)

خرطوم میں تعینات سعودی سفیر علی بن حسن جعفر نے بتایا کہ ’سوڈان سے سعودیوں سمیت 12 برادر اور دوست ممالک کے شہریوں کے انخلا کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔‘
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جعفر کا کہنا تھا کہ‘ تمام تر بدامنی کے باوجود سعودیوں، خلیجی اور دوست ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ 158 افراد کے  انخلا کا آپریشن مکمل ہو گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’اعلٰی قیادت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انخلا آپریشن پورا ہوگیا ہے۔ ہمارے تمام شہری سوڈان سے جدہ پہنچ گئے ہیں۔‘
’سوڈان سے نکالے جانے والے شہریوں میں برادر و دوست ممالک کے باشندے بھی شامل ہیں۔ سفارت کار اور بین الاقوامی عہدیداروں کو بھی انخلا آپریشن کے تحت نکال لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی بحریہ اور فضائیہ نے بھی اپنا کردارادا کیا۔

سعودی نائب وزیر خارجہ نے سوڈان سے آنے والے سعودی اور غیر ملکی شہریوں کا خیرمقدم کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سوڈان سے پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیاِ ، کویت، قطر، امارات، مصر، تیونس، بلغاریہ، فلپائن، کینیڈا اور برکینا فاسو کے شہریوں کا انخلا عمل میں لایا گیا ہے۔
سعودی عرب نے غیر ملکی شہریوں کو تمام بنیادی سہولیا ت فراہم کردی ہیں انہیں جدہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔
سعودی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل یحیی العسیری نے بتایا کہ ’سوڈان سے تمام سعودیوں اور برادر و دوست ممالک کے شہریوں کا انخلا مکمل کرلیا گیا۔‘

شیئر: