Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رانا ثنا اللہ سے سعودی سفیر کی ملاقات، روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں (فوٹو: وزارت داخلہ)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔
جمعے اسلام آباد کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سےمتعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔‘
’معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی نائب وزیر داخلہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا رہا ہے۔ رواں برس چالیس ہزار حجاج اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔

شیئر: