چار افراد سے زیادہ گھریلو عملے پر مقابل مالی فیس نافذ
’اضافی گھریلو عملے پر سالانہ 9600 ریال فیس ادا کرنی ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت ہیومن ریسورسز نے کہا ہے کہ 4 افراد سے زیادہ گھریلو عملہ رکھنے پر مقابل مالی فیس وصول کرنے کا نظام 11 مئی سے نافذ کیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’ہر وہ سعودی شہری جس کے گھریلو عملے کی تعداد 4 سے زیادہ ہے یا غیر ملکی جس کے گھریلو عملے کی تعداد دو سے زیادہ ہے، اسے اضافی عملے پر سالانہ 9600 ریال فیس ادا کرنی ہوگی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’مقابل مالی فیس کا دوسرا مرحلہ سعودی کابینہ کے فیصلے کے مطابق نافذ کیا جارہا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اس سے صرف انسانی حالات کی بنیاد پر استثنی دیا جائے گا‘۔
’استثنائی کیفیت میں معذور افراد، خطرناک امراض کے شکار افراد اور مستقل مریض ہیں جن سے متعلقہ کمیٹی کی سفارش پر فیس وصول نہیں کی جائے گی‘۔