Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے

اجلاس میں مختلف امور کے بارے میں پندرہ فیصلے کیے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار وزیر تعلیم کو تفویض کیا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ کے قصر السلام میں ہوا جس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے کورونا بحران پر ہنگامی صحت صورتحال کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب وباؤں سے نمٹنے کے سلسلے میں عالمی برادری کے لیے ایک مثال رہا ہے۔ 
 
اجلاس میں مختلف امور کے بارے میں پندرہ فیصلے کیے گئے ہیں۔
کابینہ  نے وزیر تعلیم کو جو ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ کے قومی ادارے کی مجلس انتظامیہ کے سربراہ بھی ہیں پاکستان میں ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ ٹریننگ کے قومی ادارے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پردستخط کی ہدایت کی ہے۔
کابینہ نے اس حوالے سے مذاکرات اور دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی تفویض کیا ہے۔ 
چین کے ساتھ ہائی کمیشن کی تشکیل سے متعلق ضمنی پروٹوکول ،فرانس کے ساتھ سٹراٹیجک شراکت کے لیے مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر خارجہ کو دیا گیا۔ 
ترکی کے ساتھ سماجی خدمات کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کو تفویض کیا گیا۔
انڈونیشیا کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ نے بحیرہ احمر کی قومی حکمت عملی اور معاشرے کے فروغ کے لیے ’سخا‘ پرورگرام قائم کرنے، سعودی سرحدوں کی نگرانی کے لیے سیٹلائٹس کے ذریعے ریڈیو مانیٹرنگ کے  مربوط انفراسٹرکچر کے قیام کی اصولی منظوری دی۔

شیئر: