Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا شام کے سفارتی مشن میں دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ

سعودی کابینہ نے عرب لیگ میں شام کی دوبارہ شرکت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا تھا( فائل فوٹو: اے ایف ہی)
سعودی عرب نے شام میں اپنے سفارتی مشن میں دوبارہ کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ عرب لیگ کی جانب سے شام  کی واپسی کا خیر مقدم کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
خیال رہے عرب لیگ نے بارہ سال قبل مارچ 2011 میں شروع ہونے والے پرامن مظاہروں کے خلاف کریک ڈاون پر شام کی رکنیت معطل کر دی تھی۔
اس صورتحال نے ایسی جنگ کی شکل اختیار کرلی تھی جس میں پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ مارے گئے، لاکھوں بے گھر ہوئے اور ملک کے بنیادی ڈھانے اور انڈسٹری کو نقصان پہنچا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’مشترکہ عرب اقدامات، خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے اور قاہرہ میں ہونے والے عرب وزرائے خارجہ کی وزارتی کونسل کے اجلاس کے بعد جاری فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مملکت نے شام میں اپنے سفارتی مشن میں کام دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی کابینہ کے اجلاس میں عرب لیگ کے اجلاسوں میں شام کی دوبارہ شرکت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔
سعودی کابینہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب، شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کی کوششوں کی سپورٹ کا خواہاں ہے‘۔

شیئر: