Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کی امیر قطر، عمانی فرمانروا اور یمنی صدر کو عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت

سعودی سفیر نے ملاقات کرکے شاہی مکتوب امیر قطر کے حوالے کیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق اور یمنی صدر رشاد العلیمی کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہیں 19 مئی کو سعودی عرب میں عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قطر میں متعین سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے بدھ کو ایوان امیری میں ملاقات کرکے امیر قطر کو شاہی مکتوب حوالے کیا۔
اس موقع پر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے امیر قطر کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔
امیر قطر نے شاہ سلمان اور ولی عہد کے نام خیر سگالی کا جوابی پیغام سعودی سفیر کے حوالے کیا۔ 
سعودی سفیر اور امیر قطر نے سعودی عرب اور قطر کے برادرانہ تعلقات اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ 
 ایس پی اے کے مطابق مسقط میں متعین عبداللہ العنزی نے  سلطان عمان سے ملاقات کرکے شاہی مکتوب حوالے کیا۔
ملاقات میں سعودی عرب اور سلطنت عمان کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں عدن میں تعینات سعودی سفیر محمد آل جابر نے یمنی صدر العلیمی سے ملاقات کرکے شاہی مکتوب  حوالے کیا۔
یمنی صدر کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب سربراہ کانفرنس کی میزبانی اور اسے کامیاب بنانے کے لیے جو کوشش کررہا ہے وہ قابل قدر ہے‘۔

شیئر: