’سعودی عرب میں بھلائی کے سوا کچھ نہیں ملا‘: متاثرہ سوڈانی شہری
سوڈانی شہریوں کو درکار تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ عاجل)
سوڈان میں خانہ جنگی سے متاثرہ سوڈانی شہریوں نے میزبانی پر سعودی عرب کا دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سوڈانی شہری منتصر الزبیر حاکم نے کہا کہ ’مملکت میں مقیم سوڈانی شہریوں کے ساتھ فیاضانہ معاملے پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں‘۔
ایک اور سوڈانی شہری علی محمد عید نے کہا کہ ’سوڈان میں حالیہ ہنگاموں کے بعد سعودی عرب نے اپنے یہاں مقیم سوڈانیوں کے ساتھ جو حسن سلوک کی اس پر وہ سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں‘۔
ایک اور سوڈانی نے کہاکہ ’سعودی عرب میں انہیں بھلائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شاندار استقبال اور میزبانی پر شکر گزار ہوں‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے خانہ جنگی کے باعث سوڈان سے سعودیوں کے علاوہ مختلف برادر اور دوست ممالک کے شہریوں اور متاثرہ سوڈانیوں کو بھی مملکت منتقل کیا ہے۔
سوڈانی شہریوں کو سعودی عرب میں درکار تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
قبل ازیں سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ سوڈان سے سعودیوں اوردوست وبرادر ممالک کے شہریوں کے انخلا کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطبق انخلا کے آپریشن میں اب تک 8 ہزار 455 افراد کو سوڈان سے مملکت لایا گیا۔
سوڈان سے لائے جانے والوں میں 404 سعودی شہری جبکہ 10 ممالک سے تعلق رکھنے والے 8 ہزار 51 افراد شامل تھے جن میں معمرافراد ، خواتین اوربچے شامل تھے۔
انخلا کے آپریشن میں سعودی شاہی بحریہ اورفضائیہ نے خصوصی حصہ لیا۔ سوڈان سے آنے والوں کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔