’رُوٹ ٹو مکہ‘ کو آئندہ سال لاہور اور پشاور تک توسیع دی جائے گی: سعودی نائب وزیر داخلہ
’رُوٹ ٹو مکہ‘ کو آئندہ سال لاہور اور پشاور تک توسیع دی جائے گی: سعودی نائب وزیر داخلہ
بدھ 17 مئی 2023 18:37
بشیر چوہدری -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان اور سعودی عرب نے روٹ ٹو مکہ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے حج پر جانے کے خواہش مند پاکستانی حجاج کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بدھ کو اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روٹ ٹو مکہ منصوبے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز نے سمجھوتے پر دستخط کیے۔
اس سے قبل سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ سال کے شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے تعاون فراہم کرنے پر بھی سعودی عرب کی حکومت کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے ’روٹ ٹو مکہ‘ پروجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی حکومت کی تعریف کی۔
’روٹ ٹو مکہ‘ پروجیکٹ کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج پر جانے کے خواہش مند پاکستانی حجاج کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے حالیہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقائی امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
سعودی نائب وزیر داخلہ نے اپنی اور اپنے وفد کی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخٰ برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
انہوں نے پاکستان کے داخلہ، مذہبی امور اور انسداد منشیات کے وزرا کے ساتھ اپنی ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی نائب وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ ’روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کو آئندہ سال سے لاہور اور پشاور تک توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔‘
قبل ازیں پاکستانی وزیر داخلہ اور سعودی نائب وزیر داخلہ نے روٹ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ’اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کی سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو، سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ اور دیگر عہدے داران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔