Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں پہلی مرتبہ خانہ کعبہ کی اشیا اور غلاف کی نمائش

خانہ کعبہ کی خوشبویات کو بھی نمائش میں رکھا گیا ہے( فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے پہلی مرتبہ مسجد نبوی میں خانہ کعبہ اور اس کے غلاف کی نمائش کا انعقاد کیا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق نمائش میں خانہ کعبہ سے متعلق کئی اہم نوادر سجائے گئے ہیں۔ زائرین نمائش میں غسل کعبہ میں استعمال ہونے والے آلات کا مشاہدہ کررہے ہیں۔
خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی خوشبویات عود، عرق گلاب اور بخور کو بھی نمائش میں رکھا گیا ہے۔ 
غلاف کعبہ کے پرانے ٹکڑے ، خانہ کعبہ کے  اندرونی پردے، باب کعبہ کے پردے، قندیلیں، غلاف کعبہ کی سلائی میں کام آنے والی مشین بھی نمائش میں رکھی گئی ہے۔ 
مسجد نبوی میں ہونے والی غلاف کعبہ نمائش کے شائقین کو غلاف کی تیاری میں حصہ لینے کا موقع بھی دیا جارہا ہے۔ 
نمائش میں خانہ کعبہ کے اہم حصوں کی خوبصورت تصاویر بھی سجائی گئی ہیں۔ مثال کے طور پر باب کعبہ ، کعبے کی کنجی، حجر اسود اور  رکن یمانی کی تصاویر نمائش میں رکھی گئی ہیں۔

وزیٹرز کو غلاف کی تیاری میں حصہ لینے کا موقع بھی دیا جارہا ہے( فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)

علاوہ ازیں خانہ کعبہ سے متعلق بعض دستاویزی فلمیں بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ ان میں کسوۃ کعبہ فلم کے علاوہ باب کعبہ کے قلمی نسخوں سے متعلق فلم اور حرمین شریفین کے اہم مقامات کی تصاویر شامل ہیں۔ 
غلاف کعبہ نمائش کا مقصد مسجد نبوی کے زائرین کو خانہ کعبہ، اس کی تعمیر نو، اصلاح و مرمت ، دیواروں کے استحکام ، خانہ کعبہ کے دروازے کی تبدیلی اور شاذروان کو بہتر بنانے سے متعلق سعودی حکام کی کاوشوں سے متعارف کرانا ہے۔ 

شیئر: