Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں پاکستانی عمرہ زائرین کی اموات پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعزیت

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’ممکن ہے نعشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سے مدد لی جائے۔‘ فائل فوٹو: بلدیہ مکہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پنجاب کے نگران وزیراعلٰی محسن نقوی نے مکہ کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے 8 پاکستانی عمرہ زائرین کی اموات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان کے وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کو  زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال اور مرنے والوں کے لواحقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مرنے والوں کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے بھی مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی سے  پاکستانی عمرہ زائرین کے مرنے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرنے والے عمرہ زائرین کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی کے حوالے سے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں قونصل ویلفیئر شیراز علی خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔‘
قونصل ویلفیئر کے مطابق ’ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔
مرنے والے پاکستانیوں میں چار کی شناخت ہوگئی جن میں دو کا تعلق وہاڑی جبکہ دو کا قصور سے ہے۔ دیگر چار افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔
شیراز علی خان نے بتایا کہ ’جھلسنے کے باعث مرنے والوں کی نعشوں کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے تاہم شناخت کا عمل جاری ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’ممکن ہے نعشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سے مدد لی جائے۔‘

شیئر: