سوڈانی حکومت جدہ معاہدے کی مکمل پابندی کرے گی: دفتر خارجہ
فریقین نے ایک نئی قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے ( فوٹو: اے پی)
سوڈان نے جنگ بندی کے جدہ معاہدے کی مکمل پابندی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ معاہدہ سعودی عرب اور امریکہ کی ثالثی سے ہوا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سوڈانی دفتر خارجہ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ’ سوڈانی حکومت جدہ معاہدے کی تمام دفعات کی پابند ہے‘۔
سوڈانی دفتر خارجہ نے بیان میں امید ظاہر کہ’ جنگ بندی کے حوالے سے جدہ معاہدہ مطلوبہ اہداف حاصل کرلے گا۔ جنگ کے باعث مشکلات سے دوچار سوڈانی عوام کے مصائب کم ہوں گے‘۔
یاد رہے کہ سوڈان کے متحارب فوجی دھڑوں نے ایک نئی قلیل مدتی جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ اعلان امریکی اور سعودی ثالث کاروں نے کیا۔ اس سے قبل سوڈان میں جنگ بندی کی کئی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔
امریکہ اور سعودی عرب نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ ’ساحلی شہر جدہ میں سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز نے سات روزہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے جو پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق 9:45 بجے سے نافذ ہو گی‘۔
بیان کے مطابق’ اگر دونوں فریقین متفق ہوتے ہیں تو جنگ میں توسیع کی جا سکتی ہے‘۔