Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں پولیس اہلکار کا قتل، مفرور ملزم سویڈن میں گرفتار

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار عبدالرحمنٰ کو قتل کر کے فرار ہونے والے ملزم کو سویڈن میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار عبدالرحمنٰ کے چھوٹے بھائی زید الرحمنٰ نے بتایا کہ ’بھائی کے قاتل کی گرفتاری کی اطلاع ملی ہے، چھ ماہ کی مسلسل جدوجہد کے بعد سویڈن پولیس نے ہماری بات تسلیم کی ہے اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔‘ 
ان کا کہنا ہے کہ ’قاتل کی گرفتاری کے لیے سندھ پولیس نے اپنے طور پر اقدامات کیے ہیں لیکن ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت سویڈن اور یورپی یونین سے رابطہ کر کے ملزم کی گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔‘
کراچی میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زید الرحمنٰ نے بتایا کہ ان کے بھائی عبدالرحمنٰ کی شادی طے تھی جو نومبر کے آخری ہفتے میں ہونا تھی کہ 15 نومبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں انہیں قتل کر دیا گیا۔
واقعہ کے بعد ملزم پاکستان سے سویڈن فرار ہو گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’بھائی کی موت سے گھر میں سب افسردہ ہیں اور افسوس اس بات کا بھی ہے کہ قاتل بآسانی پاکستان سے فرار ہو گیا۔‘
زید الرحمنٰ کے مطابق بھائی کی تدفین کے بعد انہوں نے اپنے طور پر سویڈن سفارتخانے سے رابطہ کیا، اس کے علاوہ یورپی یونین سے بھی رابطہ کیا اور بذریعہ ای میل انہیں تمام تر واقعہ کی تفصیلات فراہم کیں۔
سویڈن کے حکام کو بتایا کہ ’ان کے بھائی کا قاتل ان کے ملک میں موجود ہے، ملزم پاکستان میں ایک پولیس اہلکار کو قتل کرکے سویڈن میں پناہ لیے بیٹھا ہے، پانچ ماہ بعد سویڈن حکام نے ہماری ای میل کا جواب دیا، اور اب اطلاع ملی ہے 16 مئی کو انہوں نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ سے آج ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں ہم نے زور دیا کہ ملزم کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔‘
یاد رہے کہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں نومبر 2022 کو پولیس اور شہری کے درمیان گاڑی روکنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی اور گاڑی میں سوار شخص کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار عبدالرحمنٰ ہلاک جبکہ ساتھی اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔
واقعہ کے بعد سوئیڈش شہریت کا حامل ملزم خرم نثار رات گئے پاکستان سے سویڈن روانہ ہو گیا تھا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے اقدامات شروع کیے۔
پولیس ترجمان کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں شاہین فورس کے اہلکار کے قتل میں ملوث شخص کی گرفتاری کی اطلاع ملی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے سویڈن حکام اور وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت دیگر اداروں کو خطوط لکھے تھے کہ پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث شخص کو گرفتار کرکے ملک لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ملزم واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ فوٹو: سکرین گریب

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کیس کا مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے خلاف درج کیا گیا اور سی ٹی ڈی اس کیس میں تحقیقات کر رہا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک ٹویٹ میں سویڈن کے میڈیا کی ایک خبر کو شئیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پولیس اہلکار عبدالرحمنٰ کو قتل کرکے سویڈن جانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔  
سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں مقیم پاکستانی صحافی حسن عباس نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سویڈن پولیس نے 15 مئی کو ایک شخص کو حراست میں لیا جو اس وقت بھی پولیس کی حراست میں ہی ہے۔ ملزم کی گرفتاری ظاہر کردی گئی ہے، البتہ پاکستان منتقلی سمیت دیگر معاملات میں ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

شیئر: