Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردی اور جاسوسی کے الزام میں سعودی شہری کو سزائے موت

عدالت نے مملکت میں انارکی پھیلانے کے جرم کا مرتکب قرار دیا تھا (فائل فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں دہشت گردی کے لیے دشمن ملک کے ساتھ تعاون اور جاسوسی کے الزام میں ایک سعودی شہری کو سزائے موت دی گئی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے منگل کو بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری احمد بن علی بن معتوق آل بدر نے  ایک دشمن ملک کے لیے جاسوسی کی اور مملکت سے غیرقانونی طریقے سے نکل کر دشمن ملک کے کیمپ میں شامل ہوگیا تھا جہاں اس نے اسلحہ اور بم کی ٹریننگ حاصل کی‘۔
’احمد بن علی اوراس کے ساتھی عسکری ٹریننگ اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تربیت  کے لیے مملکت سے باہر گئے۔ سعودی عرب میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشت گردانہ سازش کے لیے اسلحہ بھی سمگل کیا تھا‘۔ 
وزارت داخلہ بیان میں کہا کہ ’پوچھ گچھ کے بعد الزامات ثابت ہوگئے۔ قانونی کارروائی کے لیے سپیشل فوجداری عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے مبینہ الزامات پر موت کی سزا سنائی تھی‘۔  
عدالت نے احمد بن علی کو مملکت میں انارکی پھیلانے (فساد فی الارض) کے جرم کا مرتکب قرار دیا تھا۔
سپیشل فوجداری اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے سزا کی توثیق کردی تھی۔ ایوان شاہی نے عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دیا تھا۔ 

شیئر: