Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میونسپلٹی میں حج سیزن کے لیے 22 ہزار بھرتیاں

عازمین کے لیے خدمات کے طریقہ کار کو مزید مؤثر اور منظم کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو عرب نیوز
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے حج سیزن کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جس میں عازمین کی خدمات  بڑھانے کے لیے 22 ہزار کارکنوں کی نئی بھرتیاں بھی شامل ہیں۔
عرب نیوز کےمطابق مکہ میونسلپٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے بتایا ہے کہ میونسپلٹی نے عازمین کو اعلیٰ ترین سطح پر خدمات فراہم کرنے کے لیے دائرہ کار وسیع کیا ہے۔

میونسپلٹی نے عازمین کو خدمات فراہمی کے لیے دائرہ کار وسیع کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

بلدیاتی خدمات میں انسانی صلاحیتوں کے علاوہ مشینی نظام کو بھی متحرک کیا گیا ہے۔ عازمین کے لیے امدادی ٹیموں میں سیکیورٹی اور سکاؤٹس اہلکاروں کے علاوہ عارضی ہیلتھ مانیٹرنگ کے لیے آلات اور مختلف قسم کی مشینری کا انتظام کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی جانب سے جغرافیائی طور پر 28 مراکز بنائے گئے ہیں۔ 
مکہ میونسپلٹی نے 13 ذیلی میونسپلٹیوں کے ساتھ مقدس مقامات کے پورے علاقے کا احاطہ کیا ہے جس میں تمام مشینری اور افرادی قوت فراہم کی گئی ہے۔
دریں اثناء جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے ہفتہ کے روز نائیجیریا سے آنے والے عازمین حج کے پہلے گروپ کا استقبال کیا۔

ایران سےعازمین کی ایک اور پرواز مدینہ ایئرپورٹ پر اتری ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ایران سے عازمین کا قافلہ لے کر ایک اور پرواز مدینہ منورہ کے  پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا کہ ہوائی اڈوں، بری چوکیوں اور بندرگاہوں پر دوران حج  عازمین کے لیے خدمات کے طریقہ کار کو مزید مؤثر اور منظم کیا گیا ہے۔
عازمین حج کے مملکت میں داخلے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے بندرگاہوں پر جدید آلات کا نفاذ سمیت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
 
 
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: