فرضی پیکیج کی پیشکش کرنے والوں سے ہوشیار رہا جائے: وزارت حج
کوئی بھی شخص پرمٹ کے بغیر حج پر جانے کی کوشش نہ کرے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے خبردار کیا ہے کہ’ پرمٹ کے بغیر حج کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ کوئی بھی شخص پرمٹ کے بغیر حج پر جانے کی کوشش نہ کرے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت حج نے بیان میں کہا کہ’ حج بکنگ صرف مقررہ سرکاری پورٹل کے ذریعے ہی کرائی جاسکتی ہے۔ فرضی حج پیکیج کی پیشکش کرنے والوں سے ہوشیار رہا جائے‘۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ ’اندرون ملک سے حج کے لیے بکنگ صرف وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ اور نسک ایپ کے ذریعے ہی کرائی جاسکتی ہے تاہم آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکہ اور یورپی ممالک کے عازمین ’نسک حج‘ ایپ کے ذریعے بکنگ کراسکتے ہیں۔ مسلم ممالک کے عازمین حج مشنوں کے توسط سے بکنگ کراسکتے ہیں‘۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’بیرون مملکت سے جو افراد اس سال حج کرنا چاہتے ہوں وہ صرف حج ویزے پر ہی مملکت آسکتے ہیں‘۔
’حج ویزا مملکت آنے سے قبل جاری کرانا ہوگا۔ وزٹ، ٹورسٹ، جاب اور ٹرانزٹ ویزا ہولڈرکو حج کی اجازت نہیں ہے‘۔