Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایجنسی کے تحت لبنان میں شامی پناہ گزینوں کےلیے صحت خدمات

اپریل میں چار ہزار 186 مریضوں کو  نو ہزار 456 خدمات فراہم کی گئی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی دنیا کے مختلف ممالک میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی زیر نگرانی بعلبک میں عرسال میڈیکل سینٹر نے اپریل میں چار ہزار 186 مریضوں کو  نو ہزار 456 خدمات فراہم کیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ انیشیٹو ضرورت مندوں خاص طور پر شامی پناہ گزینوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کرتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے کیمرون کے مارووا میں رضاکارانہ پروگرام جاری رکھا جہاں 22 رضاکار ڈاکٹروں نے 605 کیسز کا معائنہ کیا اور 303 آپریشن کیے ہیں۔
البسم انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ پروگرام 2 جون تک جاری رہے گا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں فیملی میڈیسن اور ڈرمیٹولوجی میں خصوصی کلینک کے لیے اپنے رضاکارانہ طبی منصوبے کو ختم کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی رضا کار طبی ٹیم نے مکلا میں 21 مئی سے 28 مئی تک ایک ہزار 794 افراد کو فیملی میڈیسن، احتیاطی دواوں کے کلینکس اور ایک ہزار 79 افراد کو ڈرمیٹولوجی کلینک میں خدمات فراہم کیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: