Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج منفی پروپیگنڈا سے آگاہ رہیں: وزارت مذہبی امور

پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ عازمینِ حج سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں، اپنے بہترین طرز عمل سے ملکی وقار میں اضافہ کریں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ ’مشکل حالات کے باوجود حج کے مثالی انتظامات کیے ہیں۔ عازمینِ اور ان کے عزیزواقارب منفی پروپیگنڈا سے آگاہ رہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر حج کے حوالے سے بعض عناصر نے جعلی خبریں پھیلا کر عازمینِ حج خصوصاً پاکستان میں موجود ان کے عزیز و اقارب کو ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا کیا۔‘
وفاقی سیکریٹری مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ’تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ اس پروپیگنڈا کا مقصد حکومت کی حجاج کرام کے لیے کی گئی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا، سیاسی مخالفت اور سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ کی دھمکیوں سے اضافی سہولیات کا حصول ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے معاونین حجاج پاکستانی عازمینِ کی مدد و رہنمائی کے لیے نہ صرف ہر جگہ موجود ہیں بلکہ تمام حالات و واقعات کا باریک بینی سے جائزہ بھی لیتے ہیں۔
’چند افراد کی جانب سے اپنے مذموم مقاصد کے لیے سڑک کنارے گدے بچھا کر تصاویر کھینچنے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی کارروائی کو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کر لیا گیا۔ ایسے افراد ناسمجھی میں نہ صرف حج جیسی عالمی عبادت کے موقع پر اپنے ذاتی مفادات کے لیے انتظامیہ اور دیگر حجاج کے لیے سراسر زحمت بلکہ ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔‘
وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی نے مزید کہا کہ ’عوام ایسے کسی بھی منفی پروپیگنڈا سے متاثر نہ ہوں اور اس بات کا یقین رکھیں کہ وزارتِ مذہبی امور تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستانی عازمینِ کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔‘

شیئر: