Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ٹی20: دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی

سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 12 اوورز میں 160 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
تین مچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو دمبولا میں 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 12 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکا۔
پاکستان کے بولنگ آرڈر کے بعد بیٹنگ لائن بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان آغا 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ محمد نواز 28، خواجہ نافع 26، فہیم اشرف نو، صاحبزادہ فرحان نو، صائم ایوب چھ، شاداب خان چھ، عثمان خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد وسیم اور نسیم شاہ ایک ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارنگا نے چار جبکہ متھیشا پتھیرانا نے دو اور عیشان ملینگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 12 اوورز میں 160 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کے بیٹرز کے سامنے پاکستانی بولنگ ناکام رہی۔ سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ کشال مینڈس 30، جینیتھ لیاناجے 22، دھننجایا ڈی سلوا 22، چرتھ اسالنکا 21، کامل مشارا 20، ونندو ہسارنگا ایک نے ایک رن بنایا۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے تین جبکہ نسیم شاہ، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بارش کے باعث ٹاس میں تاخیر ہوئی تھی جس کی وجہ سے میچ 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعے کو دوسرا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا جبکہ پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 129رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے ہدف با آسانی چھ وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں حاصل کیا تھا۔
یہ سیریز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
پاکستانی ٹیم رواں برس فروری مارچ میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔

 

شیئر: