Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فضائی کمپنی ریاض ایئر کو ایاٹا سے آر ایکس کوڈ مل گیا

ریاض ایئر کے طیاروں کا منظر منفرد اور نئے انداز کا ہوگا (فوٹو: ٹوئٹر ریاض ایئر)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے اعلان کیا ہے کہ ’اسے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ  ایسوسی ایشن  (ایاٹا) سے آر ایکس کوڈ مل گیا ۔ اب وہ دنیا کی صف اول کی ایْئرلائنز میں شامل ہے‘۔ 
الشرق الاوسط کے مطابق ریاض ایئر نے یہ اعلان استنبول میں ایاٹا کے سالانہ اجلاس اور ورلڈ ایئر ٹرانسپورٹ سمٹ کے موقع پر کیا ہے۔ 
ایاٹا کے اجلاس میں ریاض ایئر کی شرکت مارچ 2023 میں اپنے قیام کے بعد سے عالمی سطح پر پہلی بڑی نمائندگی ہے۔
ریاض ایئر کا ہیڈکوارٹر سعودی عرب کے دارالحکومت میں ہے۔ ریاض ایئر 2030 تک سو سے زیادہ بین الاقوامی ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلانے کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے۔
علاوہ ازیں مکمل ڈیجیٹل سروسز اعلی معیار کے ساتھ پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔  ریاض ایئر کی پروازیں 2025 کے آغاز میں شروع ہوں گی۔ 
ریاض ایئر کے ایگزیکٹیو چیئرمین ٹونی ڈگلس کا کہنا ہے کہ ’ایاٹا کے سالانہ اجلاس میں شرکت اعزاز اور آر ایکس کوڈ کا ملنا خوشی کی بات ہے۔ یہ ریاض ایئر کو عالمی معیار کی فضائی کمپنی بنانے کی جہت میں پہلا قدم ہے‘۔ 
’ریاض ایئر کے طیاروں کا منظر منفرد اور نئے انداز کا ہوگا۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید جمالیاتی ذوق کا بہترین امتزاج ہوگا‘۔ 
ریاض ایئر سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کمپنی ہے۔ کمپنی نے 9-787 ساخت کے  72 بوئنگ ڈریم لائنر طیاروں کا پہلا سودا کیا ہے۔ 

شیئر: