سنہ2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا
جمعرات 19 نومبر 2026 6:24
امریکی تھنک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تفصیلی تخمینوں کے مطابق توقع ہے کہ اسلام 2035 تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔
مذہبی آبادی کے اعدادوشمار پر گزشتہ 25 برس سے مستند تحقیقی رپورٹس جاری کرنے والے پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ اسلام اور عیسائیت دونوں کے ماننے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم اسلام کی آبادی کہیں زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ادارے کے مطابق اس کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ مسلمان دیگر بڑے مذہبی گروہوں کے مقابلے میں زیادہ بچے پیدا کرتے ہیں۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیو ریسرچ سینٹر کے سینیئر ماہرِ آبادیات کونراڈ ہیکیٹ نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اصل وجہ بچوں کی پیدائش ہے۔‘ ان کے مطابق مذہب تبدیل کرنے اور مذہبی شناخت میں تبدیلی کے دیگر عوامل کا کردار شرحِ پیدائش کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین میں شرحِ بارآوری فی خاتون 3.1 بچوں کی رہی، جبکہ مسیحی خواتین میں یہ شرح 2.5 تھی۔ دیگر تمام مذہبی گروہوں سے تعلق رکھنے والی خواتین میں اوسط شرحِ بارآوری 1.6 رہی، جو آبادی کی ہر نئی نسل کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری سمجھی جانے والی 2.1 کی شرح سے بھی کم ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ ترین تخمینوں کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 27 کروڑ جبکہ مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 2 کروڑ تھی۔ ادارے کی نئی پیش گوئیوں کے مطابق 2035 تک مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر 2 ارب 57 کروڑ جبکہ مسیحیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ ہو جائے گی۔ اگر حالیہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی جبکہ مسیحیوں کی تعداد 3 ارب سے کچھ کم ہوگی۔
یہ تخمینے پیو ریسرچ سینٹر کے ایک وسیع تر تحقیقی منصوبے کا حصہ ہیں، جس میں 2020 سے 2070 کے دوران دنیا کے بڑے مذہبی گروہوں کی آبادی میں ممکنہ تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ان پیش گوئیوں میں مختلف مذہبی گروہوں کی عمری ساخت، شرحِ بارآوری، مذہب تبدیل کرنے کے رجحانات اور نقل مکانی کے حالیہ اعدادوشمار کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
اس تحقیق کے کئی اہم نتائج میں سے ایک یہ ہے کہ پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق آئندہ 40 برس میں امریکہ بھی مسیحی اکثریتی ملک نہیں رہے گا۔ ادارے کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت امریکہ کے 62 فیصد بالغ افراد عیسائیت کے پیروکار ہیں تاہم 2065 تک یہ تناسب کم ہو کر 50 فیصد سے نیچے آ جائے گا۔
پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق امریکہ کے پڑوسی ملک کینیڈا میں بھی 2030 تک مسیحیوں کی آبادی 50 فیصد سے کم ہو جانے کا امکان ہے۔
دونوں ممالک میں مسیحی آبادی کے تناسب میں کمی کی ایک اہم وجہ ایسے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہے جو کسی مذہب سے وابستہ نہیں ہیں۔ پیش گوئی کے مطابق 2070 تک ایسے افراد امریکہ کی مجموعی آبادی کا 41 فیصد ہوں گے جبکہ کینیڈا میں ان کی تعداد مسیحیوں سے زیادہ ہو جائے گی۔
مسلمان اور مسیحی آبادی میں عالمی اضافے کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھیں گے
پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2020 سے 2070 کے دوران دنیا کی مجموعی آبادی میں 29 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ جن مذہبی گروہوں کا تحقیق میں جائزہ لیا گیا، ان میں صرف مسلمان اور مسیحی ایسے گروہ ہیں جن کی آبادی میں اضافہ عالمی آبادی کی شرحِ نمو کے برابر یا اس سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ اس عرصے میں مسیحی کی تعداد میں 30 فیصد جبکہ مسلمانوں کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
ادارے کے مطابق ہندوؤں اور یہودیوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ تو ہوگا تاہم دنیا کی کل آبادی میں ان کا تناسب کم ہو جائے گا۔ اس کے برعکس بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد اور عالمی آبادی میں ان کا تناسب دونوں کم ہونے کا امکان ہے۔ اس کی ایک وجہ چین، جنوبی کوریا اور جاپان کی مجموعی آبادی میں متوقع کمی بھی ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دنیا کی آبادی میں زیادہ تر اضافہ افریقہ میں ہوگا، بالخصوص صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع خطے میں، جہاں زیادہ تر آبادی عیسائیت یا اسلام سے تعلق رکھتی ہے۔ ادارے کے مطابق اس خطے میں شرحِ بارآوری زیادہ ہونے اور اوسط عمر میں اضافے سے دونوں مذاہب کے پیروکاروں کی عالمی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
پیو ریسرچ سینٹر کی پیش گوئی ہے کہ 2070 تک دنیا کے نصف سے زیادہ مسیحی صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع افریقی ممالک میں رہ رہے ہوں گے۔ اسی عرصے میں کانگو مسیحی آبادی کے لحاظ سے امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مسیحی آبادی والا ملک بن جائے گا۔ کانگو میں مسیحیوں کی تعداد تین گنا سے زیادہ اضافے کے بعد 29 کروڑ 90 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دنیا کے دیگر بڑے خطوں کی آبادی میں نسبتاً کم اضافہ ہوگا یا بعض علاقوں میں آبادی کم ہو جائے گی۔
مثال کے طور پر پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق 2070 تک یورپ میں رہنے والے افراد کی تعداد میں 17 فیصد کمی آئے گی، جبکہ وہاں مسیحیوں کی تعداد ایک تہائی کم ہو کر 2020 کے 50 کروڑ 50 لاکھ سے 32 کروڑ 40 لاکھ رہ جائے گی۔ اسی عرصے میں یورپ کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 6 فیصد سے بڑھ کر 13 فیصد ہونے کی توقع ہے۔
امریکہ میں بھی پیو ریسرچ سینٹر نے عیسائیوں کی تعداد 2020 کے تقریباً 21 کروڑ 70 لاکھ سے کم ہو کر 2070 تک تقریباً 17 کروڑ 40 لاکھ رہ جانے کی پیش گوئی کی ہے۔
امریکہ میں پروٹسٹنٹ عیسائیت کے کئی بڑے روایتی فرقوں کو گزشتہ کئی برس سے اپنے ارکان کی تعداد میں کمی کا سامنا ہے۔ تاہم کیلیفورنیا سٹیٹ یونیورسٹی، سیکرامنٹو میں مذہبی علوم کے پروفیسر جیفری بروڈ نے اس امکان کا اظہار کیا ہے کہ ان فرقوں کی مقبولیت دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس ماہ ہونے والے کانگریس کے انتخابات میں ان معتدل سے لبرل مذہبی فرقوں سے وابستہ متعدد ڈیموکریٹ امیدواروں کی کامیابی اس رجحان میں تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے۔
شرحِ بارآوری آبادی میں اضافے کی بنیادی وجہ
پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین نے دیگر تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین کے مقابلے میں زیادہ بچوں کو جنم دیا۔ اس عرصے میں مسلمان ماؤں کے ہاں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ مسیحی ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد 20 کروڑ 80 لاکھ تھی۔
مسلمان واحد بڑا مذہبی گروہ ہیں جس میں آنے والی دہائیوں کے دوران بچوں کی پیدائش کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔ دیگر مذہبی گروہوں میں بچوں کی پیدائش کی تعداد یا تو تقریباً مستحکم رہے گی یا بتدریج کم ہو جائے گی۔
پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق اگر حالیہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا ملک بن جائے گا۔ اس کے بعد انڈیا، نائجیریا اور انڈونیشیا کا نمبر ہوگا۔ واضح رہے کہ اس وقت دنیا میں مسلمانوں کی سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا میں آباد ہے۔
ہارورڈ ڈیوینیٹی سکول سے وابستہ مذہبی آبادی کے اعدادوشمار کی ماہر اور سینیئر محقق جینا زُرلو نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی رجحانات کے تناظر میں مسیحیوں اور مسلمانوں کے تعلقات ’انتہائی اہم‘ ہیں۔
انہوں نے ای میل کے ذریعے اپنے بیان میں کہاکہ ’تہذیبوں کے تصادم کا نظریہ اب بھی بعض مذہبی برادریوں میں گہرا اثر رکھتا ہے اور دونوں مذاہب کے ماننے والوں میں ایک دوسرے کے عقائد کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ بہت سے مسیحی اس بات سے خوش نہیں ہیں کہ اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا، جس سے ان کی تشویش اور بے چینی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ لوگ مختلف مذاہب کے درمیان بہتر تفہیم پیدا کرنے کے مواقع تلاش کریں گے۔ ذاتی رابطہ بہت اہم ہے۔ جب مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے ساتھ ذاتی تعلقات قائم کرتے ہیں تو اس سے ایک دوسرے کو انسان کی حیثیت سے سمجھنے اور قبول کرنے میں مدد ملتی ہے، جو مثبت نتائج کا باعث بنتا ہے۔‘
پیو ریسرچ سینٹر کے شعبہ مذہبی تحقیق کے ڈائریکٹر ایلن کوپر مین نے توجہ دلائی کہ مسلمانوں اور عیسائیوں کی آبادی میں متوقع اضافے کا زیادہ تر حصہ ان ممالک میں ہوگا جہاں یہ مذاہب پہلے ہی اکثریت میں ہیں جبکہ مذہب تبدیل کرنے کا کردار اس حوالے سے معمولی ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال میں یہ ایسی صورت حال نہیں ہے جس میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ مسیحیوں کی قیمت پر ہو رہا ہو۔ مجھے اس بات پر تشویش ہے کہ بعض سرخیوں یا بیانیوں کے ذریعے ان نتائج کو غلط انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے اور اسے ایک ایسے تصادم کے طور پر دکھایا جا سکتا ہے جس میں مسیحی مسلمانوں سے ہار رہے ہیں۔‘