Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن: ایک لاکھ 61 ہزار مربع میٹر پر پھیلے ریاض زُو میں سیاحوں کا استقبال

کم عمر سیاح ’لٹل فارمر‘ کارنر میں پودے لگانے کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
رياض سیزن کے ساتویں ایڈیشن کے ایک حصے کے طور پر آج سے رياض چڑیا گھر (ریاض زُو)  سیاحوں کا استقبال کرے گا جہاں جانوروں کے ساتھ بات چیت کے تجربات، لائیو تفریح اور خاندانی سرگرمیاں فراہم کی جائیں گی جو آنے والوں کو جنگلی حیات اور ان کے مساکن سے متعارف کراتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ایک لاکھ 61 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا یہ چڑیا گھر 170 سے زائد انواع کے 1600 جانوروں کا مسکن ہے۔
سیاح زرافوں کو کھانا کھلانے، شیروں، چیتوں اور ریچھوں کے ساتھ مختلف تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ پرندوں اور الوؤں کے گھروں، مگرمچھ کے ٹنل، فارم اور کینگرُو کے علاقے کی سیر کر سکتے ہیں۔
ماہرین کی نگرانی میں جانوروں کو کھانا کھلانے کے آٹھ سے زائد سرگرمیاں میسر ہوں گی۔ ٹوئر گائیڈ سیاحوں کو جانوروں، ان کے رویوں اور قدرتی مساکن سے متعارف کروائیں گے جبکہ انٹرایکٹیو سٹیشنز خاندانوں اور گروپس کے لیے سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔
کم عمر سیاح ’لٹل فارمر‘ کارنر میں پودے لگانے کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فیس پینٹنگ اور کلرنگ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ پانچ مخصوص فوٹو سپاٹس پر جانوروں کے مجسمے اور تھیم والے بیک ڈراپس موجود ہوں گے جبکہ کھانے پینے کے آؤٹ لیٹس اور یادگاری اشیاء کی دکانیں اور کیوسکس چڑیا گھر بھر میں اضافی اختیارات فراہم کریں گے۔
تفریحی پروگرام میں سرکس اور ایکروبیٹک پرفارمنسز اور لائیو موسیقی شامل ہوگی جس کے ساتھ ساتھ گھومنے پھرنے والے فنکار اور جانوروں پر مبنی کرداروں اور لباسوں پر مشتمل پریڈز بھی دکھائی دیں گی۔

رياض سیزن کا ساتواں ایڈیشن بین الاقوامی تقریبات، لائیو شوز، کھیلوں اور خاندانی تفریح کو یکجا کرنا جاری رکھے ہوئے ہے جو متنوع دلچسپیوں کو پورا کرنے والے تجربات پیش کرتا ہے اور عالمی تفریحی مقصد کے طور پر رياض کے مقام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

 

شیئر: