Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب نے ریاض کی جانب حوثی ملیشیا کا داغا گیا میزائل فضا میں تباہ کر دیا

عینی شاہدین نے بھی جمعرات کی علی الصباح سعودی دارالحکومت میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی۔
سعودی عرب نے جمعرات کی علی الصباح یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف داغا گیا ایک میزائل فضا میں تباہ کر دیا۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق میزائل کا ملبہ گرنے کے بعد ممکنہ مادی نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس دوران دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع نے جمعرات کی صبح 4 بج کر 42 منٹ پر شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی الرٹ جاری کیا، جس میں فضائی خطرے سے خبردار کیا گیا تھا۔ تقریباً تین منٹ بعد ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ کچھ ہی دیر بعد شہریوں کو ایک اور پیغام بھیجا گیا جس میں بتایا گیا کہ خطرہ ٹل چکا ہے۔
صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ اتحادی افواج نے حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے میزائل کے خطرے سے نمٹ لیا ہے۔
ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ابتدائی جائزے کے مطابق میزائل کا ملبہ گرا ہے اور اس سے ہونے والے مادی نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔‘
عینی شاہدین نے بھی جمعرات کی علی الصباح سعودی دارالحکومت میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ نے سعودی شہروں اور اہم تنصیبات، بشمول ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاض کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دارالحکومت میں آرامکو کی ایک انتظامی عمارت پر حملے بھی شامل ہیں۔
ان حملوں سے شہری آبادی کے علاقوں کو بھی خطرات لاحق ہوئے ہیں جبکہ فضائی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ اس صورت حال میں سعودی فضائی دفاعی نظام نے آنے والے میزائل اور ڈرون خطرات کا مقابلہ کیا جبکہ حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہنگامی الرٹس جاری کیے۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ان حملوں کے جواب میں یمن میں حوثی ملیشیا کے فوجی اہداف کے خلاف جوابی کارروائیاں بھی کی ہیں۔ ان کارروائیوں میں میزائل داغنے کے مراکز، اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور دیگر فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا، جنہیں مملکت اور پڑوسی ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اتحاد کی کارروائیوں کا دائرہ یمن کے متعدد صوبوں تک پھیلا ہوا ہے، جن میں صعدہ، صنعا، الحدیدہ، الجوف اور مارب شامل ہیں۔ سعودی افواج اور یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے حوثی ملیشیا کی فوجی صلاحیتوں اور اس کے اسلحہ نیٹ ورک کو کمزور کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
حوثی ملیشیا کے حملے خطے میں جاری وسیع تر کشیدگی کا حصہ ہیں، جس کا تعلق ایران سے جڑی جنگ سے ہے۔ اس صورت حال نے جزیرہ نمائے عرب اور بحیرہ احمر کے خطے میں سکیورٹی خطرات مزید بڑھا دیے ہیں۔
سعودی عرب نے شہری بنیادی ڈھانچے اور اہم تنصیبات پر حملوں کی بارہا مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میزائل اور ڈرون حملوں سے اپنی سرزمین، شہریوں اور اہم تنصیبات کا دفاع کرنا اس کا حق ہے۔

شیئر: