Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور مصر میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کےلیے معاہدہ

معاہدے پر دستخط سعودی وزیر صنعت کے دورے کے موقع پر کیے گئے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور مصر کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں تیل کے ماسوا برآمدی شعبے کو ترقی دینے پر توجہ دی جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی کے مطابق سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور مصر کی ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کے فریم ورک کے اندر آتا ہے جب کہ آمدنی کے ذرائع کو مزید متنوع بنانے کے لیے  تیل کے ماسوا برآمدی شعبوں کو ترقی دیتا ہے۔
معاہدے پر دستخط سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف کے مصر کے سرکاری دورے کے موقع پر کیے گئے۔
سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عبدالرحمن الثقیر اور مصر کے وزیر برائے تجارت نے معاہدے پر دستخط کیے۔
عبدالرحمن الثقیر نے وضاحت کی کہ نئے مفاہمت نامے کے تحت دونوں ممالک وسیع شعبوں میں تعاون کریں گے جن میں ترقی پذیر برآمدات کے میدان میں تجربات اور علم کے تبادلے کے ساتھ ساتھ متعلقہ تحقیق اور مطالعات میں تعاون شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ اس کے علاوہ دونوں ممالک برآمدات اور بین الاقوامی مارکیٹنگ کے شعبوں میں تکنیکی مدد اور مشاورت بھی فراہم کریں گے‘۔
سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او  نے مزید کہا کہ ’ سعودی عرب اور مصر دونوں ممالک میں کمپنیوں اور برآمد کنندگان کے درمیان مواصلات اور تجربات کے تبادلے کو بڑھانے کے لیے مشترکہ تقریبات کے ساتھ ساتھ سیمینارز کی تنظیم میں مل کر کام کریں گے‘۔
ایم او یو برآمدات کے شعبے میں ترقی اور پائیداری کے اہداف کے حصول کے لیے دو طرفہ تعاون اور مشترکہ کارروائی کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس مفاہمت نامے کے ذریعے سعودی اتھارٹی کا مقصد برآمدات کے تناسب کو مملکت کی تیل کے ماسوا مجموعی گھریلو پیداوار کے 50 فیصد سے کم کرنے کے ویژن 2030 کے ہدف کے مطابق مقامی پروڈیوسروں اور برآمد کنندگان کے دائرہ کار کو بڑھانا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے اتوار کو قاہرہ میں مصری وزیراعظم مصطفی متبولی سے ملاقات کی تھی۔
ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر مصری وزیر تجارت و صنعت احمد صالح، سعودی نائب وزیر صنعت و معدنیات انجینیئر اسامہ الزامل، مصر میں سعودی سفیر اسامہ نقلی اور صنعت و معدنیات کے اداروں کے عہدیدار موجود تھے۔

شیئر: