السعودیہ ٹکٹوں کی قیمتوں پر نظر ثانی کرے: مجلس شوریٰ میں سالانہ رپورٹ پر بحث
ٹکٹوں کی قیمتیں مسافروں کی مالی حیثیت کے مطابق طے کی جائیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی مجلس شوریٰ کے ارکان نے سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کی رواں مالی سال کی سالانہ رپورٹ پر بحث میں حصہ لیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق رکن شوریٰ ڈاکٹر حسن الحازمی نے پیر کو سالانہ رپورٹ پر بحث کے تناظر میں استفسار کیا کہ ’2022 کے دوران السعودیہ کی پروازوں میں وقت کی پابندی اور ڈسپلن کا معیار کیوں گرا۔ السعودیہ اپنے ماضی کے تجربات سے فائدہ اٹھائے۔خدمات کا معیار بہتر کرے اور ڈسپلن پر توجہ دے۔
رکن شوریٰ عبداللہ آل طاوی نے زور دیا کہ’ السعودیہ ٹکٹوں کی قیمتوں پر نظر ثانی کرے۔ ٹکٹوں کی قیمتیں السعودیہ سے سفر کرنے والے شہریوں کی مالی حیثیت کے مطابق طے کی جائیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ٹرانزٹ کے مسافروں کے حوالے سے ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے کہ مسافرو ں کو کنیکٹنگ فلائٹ یقینی ملے اور سامان کے لیے انہیں تاخیرکا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔
ڈاکٹر سالطان آل فارح نے کہا کہ ’السعودیہ اپنی ویب سائٹ کو موثر کرے۔ جاری کردہ ٹکٹ ری ایشو کرنے کی سروس فراہمی خصوصا سرکاری اداروں کے جاری کردہ ٹکٹوں سے استفادے کا موقع دیا جائے ۔ مریضوں اور دیگر افراد کے مسائل کو بھی مد نظر رکھا جائے‘۔
میجر جنرل محمد العجاجی کا کہنا تھا کہ السعودیہ آمدنی کے دیگر ذرائع بھی پیدا کرے۔ مختلف قسم کے انویسٹمنٹ پروگراموں میں حصہ لے۔ صرف ٹکٹوں کی آمدنی پر انحصار نہ کیا جائے۔
انہوں نے بھی السعودیہ پر ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی لانے پر زور دیا۔