سعودی عرب کے وفد کا دورہ، کراچی ایئرپورٹ پر سکیورٹی انتطامات کا جائزہ لیا
سعودی عرب کے وفد کا دورہ، کراچی ایئرپورٹ پر سکیورٹی انتطامات کا جائزہ لیا
بدھ 7 جون 2023 23:38
سعودی وفد نے سی سی ٹی وی سسٹم اور محدود رسائی والی جگہوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کے وفد نے پاکستان میں ہوائی اڈوں کے دورے کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان سیف اللہ نے بدھ کو بتایا کہ لیڈ انسپکٹر محمد العجمی کی قیادت میں وفد نے پہلے مرحلے میں کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
سیف اللہ نے مزید بتایا کہ دورے کے دوران وفد نے پی آئی اے، جیریز۔دناتا، اے ایس ایف کی جانب سے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
وفد نے سعودی ایئرلائنز کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی انسپکٹرز نے ہوائی اڈے پر مسافروں اور کارگو سے متعلق سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر سکیورٹی وفد نے کیٹرنگ اور سامان کی حفاظت سے متعلق کیے گئے مختلف انتظامات کا بھی مشاہدہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسپکٹرز نے مسافروں کی پری بورڈنگ، نان پیسینجر سکریننگ، ہولڈ بیگج سکریننگ کے عمل کو بھی دیکھا۔
اس کے علاوہ وفد نے سی سی ٹی وی سسٹم اور محدود رسائی والی جگہوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔
سیف اللہ کا کہنا تھا کہ وفد نے سکیورٹی کے حوالے سے مستقبل کے لیے چند سفارشات بھی پیش کیں۔
پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر آٹھ رکنی مہمان وفد بدھ کو کراچی سے واپس سعودی عرب روانہ ہوگیا۔
’گاکا‘ کا سکیورٹی وفد 13 جون کو اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں دوبارہ پاکستان آئے گا۔
دوسرے مرحلے میں سعودی وفد لاہور، سیالکوٹ، ملتان، اسلام آباد اور پشاور کے ہوائی اڈوں کا دورہ کرے گا۔