Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرے اختیار میں ہو تو میں شاہین، شاداب اور بابر کو ٹیم سے باہر بٹھاؤں: شاہد آفریدی

پاکستان کے سابق کرکٹرز شاہد آفریدی اور محمد یوسف نے ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا سے میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی حکمت عملی بدترین تھی۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ لائن نے مکمل طور پر مایوس کیا۔ ان کے مطابق میچ ابتدا ہی سے انڈیا کے پاس چلا گیا اور اس کا اثر پاکستانی بیٹنگ پر واضح نظر آیا۔ 
سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد شاہین آفریدی، بابراعظم اور شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
پاکستان کی حکمتِ عملی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہو تو میں نمبیبیا کے خلاف میچ میں نئے لڑکوں کو موقع دوں، انہیں کھلاؤں اور اعتماد دوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کارکردگی کے تناظر میں بعض نوجوان کھلاڑی سینیئرز سے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا وقت آ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میرے ہاتھ میں فیصلہ ہو تو میں شاہین آفریدی، شاداب خان اور بابراعظم کو ٹیم سے باہر بٹھاؤں اور نئے لڑکوں کو موقع دوں۔
دوسری جانب سابق کپتان محمد یوسف نے بھی  شاہین آفریدی، بابراعظم اور شاداب خان کی جگہ نئے پرفارمرز کو سامنے لانے کا مشورہ دیا ہے جبکہ کرکٹ میں سیاسی مداخلت پر بھی تنقید کرتے ہوئے ’نااہل افراد کو ہٹانے‘ کا اظہار خیال کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پوسٹ میں محمد یوسف نے بھی شاہین آفریدی، بابراعظم اور شاداب خان کی جگہ نئے پرفارمرز کو سامنے لانے کا مشورہ دیا ہے۔ 
 انہوں نے لکھا ہے کہ ’ٹی20 سکواڈ کو کمزور ٹیموں کے خلاف نمائشی فتوحات نہیں بلکہ بڑے مقابلوں میں حقیقی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی درکار ہیں۔‘  
اپنے ایک الگ پیغام میں  محمد یوسف نے لکھا  ’جب تک ہم پاکستان کرکٹ سے سیاسی مداخلت اور ذاتی مفادات کو ختم نہیں کریں گے، ہم وہ ٹیم دوبارہ نہیں بن سکتے جو کبھی تھے۔‘
انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے ’تاریخ کا تاریک ترین دور‘ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے ’اس پر میرا دل خون کے آنسو روتا ہے، نااہل افراد کو عہدوں سے اور ٹیم سے ہٹانا ضروری ہے۔‘
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے، جبکہ176 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

شیئر: