Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی بالکل ٹھیک جبکہ دوسری آنکھ بھی 70 فیصد ٹھیک ہے‘

سلمان صفدر نے جمعرات کو عمران خان کی صحت کے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6 بائے 6 ہے جبکہ دوسری آنکھ بھی 70 فیصد ٹھیک ہے۔
پیر کو شیخو پورا بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’آج کل بڑا شور ہے کہ پتہ نہیں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کچھ ہو گیا ہے۔ آج یہاں آنے سے قبل میری اٹارنی جنرل صاحب سے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی رپورٹ کے حوالے سے تفیصلی بات ہوئی ہے۔‘
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کے حکم پر ان کی آنکھوں کا معائنہ ہوا ہے۔ وہ اگر نظر والی عینک استعمال کر رہے ہیں تو ایک آنکھ 70 فیصد ٹھیک ہے اور ایک 6 بائے 6 ہے، کوئی پریشانی والی بات نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں اس موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، خیبر پختونخوا کی حکومت سے کہوں گا، ریاست پاکستان چار صوبوں اور اسلام آباد پر مشتمل ہے اور گلگت بلتستان اور کشمیر ہمارا حصہ ہے۔‘
’ہم سب کو آئین اور قانون کے تحت یہ ملک چلانا ہے۔ پہلی مرتبہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ حکومت شہریوں کے حقوق سلب کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، آئین کا آرٹیکل 15 کہتا ہے کہ آپ کے نقل و حمل پر پابندی نہیں لگ سکتی، سرکاری سطح پر موٹر ویز اور جی ٹی روڈز کی بندش غیر آئینی اقدام ہے۔‘
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں اس رپورٹ کو دیکھنے کے بعد وہ خود ہی اسے درست کریں گے ورنہ وفاق کو کوئی ایکشن لینا پڑے گا اور اس صورت میں کوئی شکوہ نہیں ہونا چاہیے۔‘
اس سے قبل جمعرات کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں فرینڈ آف دی کورٹ اور عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی صحت سے متعلق رپورٹ جمع کروائی گئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 15 فیصد رہ گئی ہے۔

شیئر: