Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان میں متحارب فریقین 72 گھنٹے کی نئی جنگ بندی پر متفق: سعودی، امریکی بیان

فریقین جنگ بندی کے دوران نقل وحرکت اورحملوں سے گریز کریں گے ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب اور امریکہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ’ سوڈان میں متحارب فریقین نے 72 گھنٹے کےلیے نئی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے‘۔
سعودی عرب اورامریکہ کی مشترکہ کوشش سے ہونے والے نئے جنگ بندی معاہدے پرعمل درآمد کا آغاز 18 جون سے ہو گا جو خرطوم ٹائم کے مطابق 21 جون کی صبح  6 بجے تک ہوگا۔ 
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’سوڈانی مسلح افواج اورریپڈ فورسز کے مابین سوڈان کے تمام شہروں میں نئی جنگ بندی پراتفاق کیا گیا ہے‘۔ 
فریقین نے اس بات پربھی اتفاق کیا کہ ’جنگ بندی کے دوران وہ نقل وحرکت اورحملوں سے گریز کریں گے۔
علاوہ ازیں جنگی طیارے یا ڈرونز استعمال نہیں کیے جائیں گے جبکہ توپ خانے سے بمباری سے بھی گریز کیا جائے گا۔ 
دونوں متحارب گروپ اس بات پربھی متفق ہوئے کہ’ پورے سوڈان میں نقل وحرکت کی آزادی اور لوگوں کو امدادی اشیا کی فراہمی میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی‘۔
یاد رہے جنگ بندی کے نئے معاہدے سے قبل خرطوم میں تازہ ترین حملے میں پانچ بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
سوڈان کی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی تیسرے مہینے میں داخل ہو رہی ہے اور اس عرصے میں کسی بھی فریق کو واضح کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس جنگ نے 22 لاکھ سے زائد لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے جبکہ سینکڑوں  افراد اس جنگ میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

شیئر: