Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کی طرف سے سوڈان میں جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم

سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے کوششوں کو بھی سراہا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی)  نے منگل کو جدہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران سوڈان کی جنگ بندی معاہدے میں پانچ روزہ توسیع کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اوآئی سی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل یاسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ ’جدہ معاہدہ مستقل جنگ بندی اور سوڈان میں جاری مسلح تصادم کے خاتمے کی طرف ایک راستہ ہے‘۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔
یاد رہے کہ سوڈانی فوج  اور پیرا ملٹری ریپڈ فورسز نے محدود مدتی جنگ بندی معاہدے کی مدت پیر کو ختم ہونے سے پہلے مزید پانچ دن کے لیے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب اور امریکہ نے سوڈان کے متحارب دھڑوں پر زور دیا تھا کہ’ وہ ملک میں اس وقت نافذ العمل قلیل مدتی جنگ بندی میں توسیع کے لیے کام کریں‘۔
 سعودی عرب کی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں ’ مملکت اور امریکہ نے سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ فورسز سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ 29 مئی کو ختم ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کے لیے بات چیت جاری رکھیں‘۔

شیئر: