Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محبت زندگی کے تمام مسائل کا حل ہے یہ بالکل غلط ہے، ماورا حسین

ماورا حسین کئی مقبول ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ان دنوں ڈرامہ ’نیم میں نظر آنے والی اداکارہ ماورا حسین کے مداح کافی عرصے سے یہ جاننے کے خواہشمند ہیں کہ وہ کب شادی کریں گی تاہم اداکارہ ہمیشہ شادی کے سوال کو ٹال دیتی ہیں۔
حال ہی میں ماورا حسین نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں محبت میں گرفتار ہونے کے خلاف نہیں ہوں لیکن یہ سوچنا کہ محبت آپ کی زندگی کے تمام مسائل کو ختم کردے گی، بالکل غلط ہے، رشتے میں خواہش اور محبت سر پر سوار نہیں کرنی چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی تو شادی کے بارے میں کچھ نہیں سوچا لیکن جب وقت آئے گا تو اپنے ساتھی کے ساتھ نکاح نامے کی تمام شقوں پر بات کروں گی، کیونکہ دونوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہییں۔‘
شادی دو اشخاص کے درمیاں صرف تعلق قائم نہیں کرتی بلکہ دو دلوں کو جوڑتی ہے جس میں ایک دوسرے کا احساس اور فکر کرنا اور ایک دوسرے کو برابری کے طور سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
تاہم گزشتہ دنوں اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ اور ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اس بات کے افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے کسی مرد کی خاطر اپنے آپ کو بدلا تھا۔
کرن اشفاق نے اپنی انسٹاگرام میں لکھا کہ کیا کہ اب وہ کسی بھی دوسرے مرد کی محبت کی خاطر اس کی پسند کے مطابق زندگی نہیں گزاریں گی اور نہ ہی اپنا لائف سٹائل تبدیل کریں گی جبکہ کسی مرد کو اپنی محبت کی خاطر تبدیل ہونے کا کہیں گی۔
 کرن نے 2018 میں اداکار عمران اشرف کے ساتھ شادی کی تھی اور دونوں نے اکتوبر 2022 میں طلاق کی تصدیق کر دی تھی۔

عبداللہ کادوانی نے اعلان کیا کہ وہ مقبول ڈرامہ سیریل کا سیزن ٹو پیش کریں گے۔ (فوٹو: تیرے بن)

ڈرامہ ’تیرے بن‘ کے اختتام کے ساتھ ساتھ خوشخبری

گزشتہ چھ ماہ سے ٹی وی سکرین پر مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والے ڈرامے ’تیرے بن‘ کی آخری قسط گزشتہ روز نشر کی گئی تھی جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔ ڈرامے کی آخری قسط بھی خوب وائرل ہوئی۔
 ڈرامہ ’تیرے بن‘ بنانے والے عبداللہ کادوانی نے ڈرامے کی آخری قسط کے بعد سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ مقبول ڈرامہ سیریل کا سیزن ٹو پیش کریں گے۔
اس حوالے سے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے وہاج علی نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ یمنیٰ زیدی نے مجھے متاثر کیا مجھے چیلنج دیا اور مجھے ایک اداکار کے طور پر آگے بڑھنے پر زور دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو شاذ و نادر ہی ایسے اداکار اور کردار ملتے ہیں جو آپ کی بہترین صلاحیت کو سامنے لاتے ہیں۔ وہ اداکار جو آپ کو بہتر، زیادہ پختہ اداکار بننے پر مجبور کرتے ہیں۔
وہاج کی بات واقعی درست ہے کیونکہ دنیا بھر کے متعدد اداکار کئی بار اس طرح کے انکشافات کر چکے ہیں کہ ماضی میں ان کے ٹھکرائے ہوئے کرداروں نے کسی دوسرے اداکار کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، ان اداکاروں میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔
حال ہی میں پاکستان کی مشہور ٹک ٹاکر جنت مرزا نے ایک ٹی وی شو میں انکشاف کیا کہ انھیں ڈرامہ سیریل ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں کبریٰ خان اور ’پری زاد‘ میں اشنا شاہ کا کردار کرنے کی آفر ہوئی تھی لیکن اس وقت بیرون ملک ہونے کی وجہ سے معذرت کر لی تھی۔
جنت مرزا نے بتایا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ کو آڈیشن کے لیے پاکستان آنا پڑے گا، لیکن میں نہیں آئی جس کا اب مجھے افسوس ہے کہ کاش میں اس وقت پاکستان میں ہوتی۔

نیٹ فلکس پر پاکستانی مواد کی انٹری

آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے پوری دنیا کے فلمی شائقین کا مزاج ہی تبدیل کر دیا ہے روایتی طرز سے ہٹ کر جدید انداز میں فلمی کہانی کو پیش کرکے نیٹ فلکس نے اپنا مقام حاصل کر لیا ہے ۔
اس ضمن میں نیٹ فلکس نے بھارت سمیت دنیا بھر سے اپنا اوریجنل مواد پروڈیوس کیا ہے لیکن ابھی تک اس سٹریمنگ پلیٹ فارم نے کوئی پاکستانی مواد پروڈیوس نہیں کیا۔
گزشتہ برس سے یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ نیٹ فلکس کے صارفین جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پاکستانی مواد دیکھ سکیں گے۔

انڈین فلم کیری آن جٹا تھری نے مجموعی طور پر پاکستان میں 225 ہزارامریکی ڈالرز کا بزنس کیا۔ (فوٹو: فلم)

اس حوالے سے سب سے پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ یہ پراجیکٹ معروف ٹی وی رائٹر فرحت اشتیاق کے ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہو گی جس میں اداکار فواد خان کے ساتھ عائشہ عمر نظر آئیں گی۔
بعدازاں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ اس پراجکیٹ میں اداکار حمزہ علی عباسی، ان کی اہلیہ نیمل خاور اور ماہرہ خان جلوہ گر ہوں گی۔
تاہم گزشتہ روز میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس پراجیکٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر مرکزی کردار ادا کریں گے اور اسے مومنہ درید خود ڈائریکٹ کریں گی۔
تاہم اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ پراجیکٹ نیٹ فلکس پر پاکستان کا پہلا آفیشل شو ہو گا۔

عید الااضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلمیں

عيدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں ميں ایک انڈین پنجابی فلم سمیت چھ اردو فلمیں پیش کی گئیں تاہم انڈین پنجابی فلم ’کیری آن جٹا تھری‘ نے پاکستانی باکس آفس میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق فلم ’کیری آن جٹا تھری‘ نے مجموعی طور پر پاکستان میں 225 ہزارامریکی ڈالرز کا بزنس کیا جو پاکستانی کرنسی کے مطابق چھ کروڑ کی رقم بنتی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی کی پہلی انتھالوجی فلم ’تیری میری کہانیاں بنانے والی کمپنی سی پرائم نے ایک سوشل میڈیا  پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فلم نے اب تک پانچ کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔
فلم تیری میری کہانیاں میں تین مختصر کہانیاں دکھائی گئی ہیں جن میں سے پہلی جن محل تھی، جس کی کاسٹ میں حرا، مانی اور گل رانا شامل تھے، دوسری پسوڑی تھی جس میں رمشا خان اور شہریار منور شامل تھے جبکہ تیسری ایک سو تیسواں تھی جس کی کاسٹ میں وہاج علی، مہوش حیات اور زاہد احمد شامل تھے۔
فلم کی بات ہو رہی ہے تو آپ کو یہ بھی بتائیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور فاسٹ بولر شعیب اختر کی زندگی پر بنائی جانے والی بائیوپک کی عکس بندی روکنے کے لیے فاسٹ بولر نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔

شیئر: