Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دُنیا کے ’سب سے کم کرپٹ‘ ملک سنگاپور میں وزیر ٹرانسپورٹ کرپشن کے الزام میں گرفتار

دُنیا میں ’سب سے کم کرپٹ‘ قرار دیے جانے والے ملک سنگاپور کے وزیر ٹرانسپورٹ کو ایک اعلیٰ سطح کی کرپشن کے الزام میں انسداد بدعنوانی کے محکمے نے گرفتار کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزیر کو غیرمعمولی نوعیت کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا جس میں ملک کے ایک ارب پتی ہوٹل ٹائیکون سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
سنگاپور کے کرپٹ پریکٹس انویسٹی گیشن بیورو (سی پی آئی بی) نے جمعے کو دیر گئے ایک ای میل بیان میں پہلی بار گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ ایس اسوارن کو ’11 جولائی 2023 کو گرفتار کیا گیا‘ اور ’بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔‘
بیورو نے بتایا کہ سنگاپور کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک ہوٹل ٹائیکون اونگ بینگ سینگ کو بھی اسی دن گرفتار کیا گیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا۔
بیورو نے اس مقدمے یا تحقیقات کی تفصیلات نہیں بتائیں جس نے دنیا کی چھوٹی مگر ترقی یافتہ ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ سنگاپور عالمی مالیاتی مراکز میں سے ایک اور دنیا کے سب سے کم کرپٹ ممالک میں شمار ہوتا ہے۔
ملک میں بدعنوانی کے سدباب کے لیے کابینہ کے وزراء کو نجی شعبے میں سب سے زیادہ کمانے والوں کے برابر تنخواہ دی جاتی ہے۔
طاقتور انسداد بدعنوانی بیورو کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے محکمے کے سربراہ تک تحقیقات کا دائرہ اس انکشاف کے بعد وسیع کیا گیا جب ہوٹل انڈسٹری کے ٹائیکون اونگ سے تفتیش کی گئی۔
اونگ ہوٹل پراپرٹیز لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں، جو ایشیا اور بحرالکاہل کے آس پاس کے مقامات پر اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں اور ریزارٹس کا مالک ہے۔
جمعے کو سنگاپور سٹاک ایکسچینج کے ساتھ فائلنگ میں ہوٹل ٹائیکون کی کمپنی نے کہا کہ اونگ کو سی پی آئی بی کی طرف سے ’گرفتاری کا نوٹس‘ دیا گیا تھا اور انہوں نے ضمانت حاصل کی ہے۔
عام طور پر دورانِ تفتیش زیر حراست افراد کے پاسپورٹ ضبط کیے جاتے ہیں تاہم اونگ کو جمعے کو سنگاپور چھوڑنے کی اجازت دی گئی۔
سی پی آئی بی نے کہا ہے کہ ہر کیس کو الگ دیکھتا ہے اور وہ بیرون ملک سفر کی درخواستوں پر غور کرتا ہے۔
سی پی آئی بی نے کہا کہ اس نے اونگ کی بیرون ملک سفر کی درخواست کو قبول کر لیا ہے لیکن اس کو ایک ہزار ڈالر کی ضمانت سے مشروط کیا۔
سی پی آئی بی نے مزید کہا کہ ’سنگاپور واپسی پر اونگ کو سی پی آئی بی کو رپورٹ کرنا ہوگا اور اپنا پاسپورٹ بیورو کے حوالے کرنا پڑے گا۔‘
اونگ ملائیشین شہری ہیں جو سنگاپور کے مستقل رہائشی ہیں۔ اُن کو سنہ 2008 میں فارمولا ون گراں پری سنگاپور میں لانے میں مدد کرنے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔
ان کی نجی کمپنی سنگاپور جی پی اور سنگاپور ٹورازم بورڈ نے گزشتہ سال 2028 تک فارمولا ون ریس کی میزبانی کے معاہدے کی تجدید کی۔
اس دوران وزیرِ ٹرانسپورٹ اسوارن کو ہفتے کے آغاز میں وزیر اعظم لی ہسین لونگ نے چھٹی پر جانے کا حکم دیا تھا جب سی پی آئی بی نے کہا کہ وزیر اس وقت جاری تحقیقات میں ’تعاون‘ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم لی نے کہا تھا کہ محکمہ انسداد بدعنوانی نے باضابطہ تحقیقات کے لیے ان کی منظوری مانگی ہے جس میں دیگر لوگوں کے علاوہ اسوارن کا انٹرویو بھی شامل ہے۔

شیئر: