Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست الاسکا میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ

زلزلے کا مرکز الاسکا کے ایک چھوٹے سے قصبے سینڈ پوائنٹ سے 89 کلومیٹر جنوب میں تھا۔ فوٹو: بلومبرگ
امریکہ کی ریاست الاسکا کے قریب سمندر میں 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد مختصر وقت کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق سنیچر کی رات کو دیر گئے الاسکا کے جزیرہ نما میں 7.2 شدت کے زلزلہ نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
یو ایس جی ایس نے پہلے زلزلے کی شدت کو 7.4 بتایا تھا جس کو بعد ازاں کم کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق زلزلہ عالمی معیاری وقت کے مطابق رات کو پونے گیارہ بجے آیا۔
زلزلے کا مرکز الاسکا کے ایک چھوٹے سے قصبے سینڈ پوائنٹ سے 89 کلومیٹر جنوب میں تھا۔
الاسکا کے پالمر میں قائم قومی سونامی وارننگ سینٹر نے جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا کے لیے پہلے کی سونامی کی وارننگ کو کم کر دیا ہے۔
سینٹر نے کہا ہے کہ ’شمالی امریکہ میں دیگر امریکی شہروں کے ساحل اور کینیڈا کے پیسفک ساحلوں کے لیے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
الاسکا زلزلہ کے لحاظ سے فعال پیسیفک ’رنگ آف فائر‘ کا حصہ ہے۔
امریکہ کی یہ ریاست مارچ 1964 میں 9.2 شدت کے زلزلے کی زد میں آئی تھی جو کہ شمالی امریکہ میں اب تک کا سب سے شدید زلزلہ تھا۔
زلزلے نے علاقے کو تباہ کر دیا تھا اور سمندر میں سونامی کی لہروں خلیج الاسکا، امریکی مغربی ساحل اور ہوائی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اُس وقت زلزلے اور سونامی سے 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: